موروثی قیادت پاکستان کو بحرانوں سے نہیں نکال سکتی، عنایت اللہ خان

175

پشاور (وقائع نگار خصوصی) سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا وپارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا رخ اور قبلہ وہی جماعت درست کر سکتی ہے جس کا اپنا رخ اور قبلہ درست ہو۔ موروثی قیادت پاکستان کو بحرانوں سے نہیں نکال سکتی۔اہل اور دیانتدار قیادت آج ملک کی اولین ضرورت ہے کرپشن سے پاک اور دیانت دار قیادت ہی موجودہ چیلنجز سے نمٹ سکتی ہے۔ جماعت اسلامی کرپشن سے پاک جماعت ہے اور جماعت اسلامی کی قیادت عوامی مسائل کے حل کی صلاحیت رکھتی ہے،2018ء کے انتخابات کے مراحل کا آغاز ہوگیا ہے۔ جماعت اسلامی ملک کی واحددینی و سیاسی جماعت ہے جس کے مختلف اوقات میں ہزاروں افراد منتخب ہوئے ہیں لیکن کسی پر بھی کرپشن کا کوئی داغ نہیں ہے ۔ جماعت اسلامی کے پاس ملک بھر میں منظم متحرک اور فعال کارکنان کی بڑی قوت موجود ہے ۔جماعت اسلامی نے موجودہ حکومت میں رہتے ہوئے اپنی وزرات کا حق ادا کیا ہے اور عوام کی دولت کی حفاظت اپنے گھر جیسے کی ہے ۔جس کی تعریف نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ہورہی ہے، ہمیں اس پر فخر ہے۔ وہ پھندو غز چوک پشاور میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر حاجی جنت گل اور اول گل نے اپنے خاندان اور سیکڑوں ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ شمولیتی تقریب سے امیر جماعت اسلامی ضلع پشاو رصابرحسین اعوان ، مشیر برائے امیر جماعت اسلامی پاکستان انتخاب خان چمکنی ، ٹاؤن ممبر جان افضل اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر انتخاب خان چمکنی نے علاقے کے مسائل بیان کیے اور کہا کہ جدید دور میں بھی پشاور کے علاقے پھندومیں گرلز اسکو ل نہیں ہے جب کہ دس سال پہلے ٹیکنیکل کالج منظور ہونے کے باوجود ابھی تک قائم نہ ہوسکا ۔انہوں نے علاقے سے سیکشن فور کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا۔ عنایت اللہ خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ علاقہ زرعی زمینوں پر مشتمل ہے اور اس سے سیکشن فور کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے اور اسمبلی کے اندر اور باہر ہر فور م پر علاقے کے عوام کے ساتھ ہوں گے تاکہ ان کو اپنا حق ملے ۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں مستقبل دینی جماعتوں کے اتحاد ایم ایم اے کا ہے اور آئندہ انتخابات میں علما کرام کی قیادت میں صوبائی حکومت قائم کریں گے۔