نوجوان ہی ہمارا اصل سرمایہ ہیں، ملکی ترقی میں کردار ادا کریں 

227

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ 8 اپریل کو مینار پاکستان پر جے آئی یوتھ کا عظیم الشان کنونشن پاکستان میں صاف ستھری، دیانتدار اور جرأتمندقیادت کی فراہمی کی راہ ہموار کرے گا اور وطن عزیز میں اسلامی انقلاب کی نوید ثابت ہوگا۔انہوں نے کہاکہ8اپریل کو جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم پرلاکھوں نوجوان مینار پاکستان پر جمع ہوکراس عزم کا اظہار کریں گے کہ پاکستان کیخلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیاجائے گا۔ ملکی ترقی وخوشحالی کے لیے پاکستانی نوجوان اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک دشمن قوتوں نے چاروں طرف سے پاکستان کو گھیرا ہوا ہے۔ پاکستان بنانے میں بھی نوجوانوں نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ اب بھی ملکی سلامتی وبقا کے لیے نوجوان آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت پورے ملک میں جماعت اسلامی نوجوانوں کو منظم کرے گی اور آئندہ عام انتخابات میں جماعت اسلامی اچھی شہرت رکھنے والے امیدواروں کو میدان میں اتارے گی۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق پاکستان میں حقیقی تبدیلی لانا چاہتے ہیں اور ملک کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لیے شب و روز جدوجہد کررہے ہیں۔ پاکستان کا نوجوان طبقہ اب بیدار ہوگیا ہے اور جے آئی یوتھ کے پرچم تلے متحد ہوکر ملکی ترقی کے لیے کام کررہا ہے۔