افغانستان کے شہداسے اظہار یکجہتی ، طلباء نے شارع فیصل پر فٹ پاتھ پر بیٹھ کر قرآن پاک کی تلاوت شروع کردی ۔

699

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) افغانستان کے علاقے قندوز میں افغان فورسز کی بمباری سے معصوم حافظ قرآن بچوں کی شہادت کے خلاف کراچی کے ایک مدرسے عفان رضاکے طلباء نے ہفتہ کو انوکھا احتجاج کرتے ہوئے شارع فیصل پر کارساز کے قریب فٹ پاتھ پر بیٹھ کر قرآن پاک کی تلاوت شروع کردی اور افغانستان کے شہداسے اظہار یکجہتی کیا۔

تقریبا ایک گھنٹہ سے زیادہ وقت تک جاری رہنے والے اس انوکھے احتجاج کے دوران لوگوں کی بڑی تعداد وہاں جمع ہوگئی، جبکہ اس موقع پر پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد نے سیکو ریٹی اور ٹریفک کے فرائض انجام دیئے تاکہ ٹریفک متاثر نہ ہو اس کی روانی جاری ر ہے۔

قرآن پاک کی تلاوت کرنے والے بچوں میں چھوٹی بچیاں بھی شامل تھیں ، کچھ بچوں نے اپنے ہاتھوں نے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل افغانستان کے علاقے قندوز میں 150کے قریب معصوم بچوں حفاظ کرام کے لئے دستار بندی کی تقریب رکھی گئی تھی جس پر افغان فورسز نے ہیلی کاپٹروں نے اندھادھند میزائل پھینکے اور فائرنگ کی اس حملے میں تقریبا 200کے قریب افراد شہید ہوگئے تھے جن میں معصوم طلباء ، علماء کرام اور عام شہری شامل تھے۔