لوڈ شیڈنگ، دعوے اور حقیقت

576

نا اہل وزیر اعظم نوازشریف اور ان کے اہل وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بڑے طمطراق سے اعلان کیا تھا کہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ پورا کردیا۔ کہا تو یہ بھی تھا کہ دہشت گردی بھی ختم کردی ہے لیکن کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل کے مقابلوں میں جس طرح شہریوں کو محصور کیا گیا، سڑکیں بند کردی گئیں اس سے واضح ہے کہ ایسا دہشت گردوں کے خوف سے کیا گیا، تو پھر دہشت گردی کی کمر کہاں ٹوٹی۔ بہرحال، سخت انتظامات کی وجہ سے کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، اس پر خدا کاشکر ادا کرنا چاہیے۔ لیکن لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعوے تو ہوا میں اڑ گئے۔ عوام کی زندگی اجیرن ہے۔ کراچی سمیت پورے سندھ میں کئی کئی گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے اور کسی کو شرم بھی نہیں آرہی۔ عوام سے معذرت ہی کرلی ہوتی کہ ہم نے جھوٹ بولا اس پر شرمندہ ہیں ۔ عوام صبر کرلیتے۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے کئی مقامات پر پانی کی قلت بھی ہو رہی ہے۔ یہ وہ ن لیگ ہے جو اقتدار میں آنے سے پہلے دعوے کرتی تھی کہ چند ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم نہ کی تو نام بدل دینا۔ اب انہیں کیا نام دیا جائے، وزیر اعظم خود ہی کوئی نام رکھ لیں۔