یوتھ کونشن سے ملک بھر کے نوجوانوں میں مثبت پیغام جائے گا، میاں مقصود

195

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ جے آئی یوتھ کا آج مینار پاکستان پر ہونے والا کنونشن بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ اس سے پنجاب سمیت ملک بھر کے نوجوانوں میں ایک مثبت پیغام جائے گا۔ آئندہ 2018ء کے انتخابات کے تناظر میں نوجوانوں کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمینار پاکستان پر یوتھ کنونشن کے انتظامات کاجائزہ لینے کے بعدپریس کانفرنس سے خطاب سے کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ جے آئی یوتھ کے مرکزی صدر زبیر گوندل، مرکزی سیکرٹری جنرل جے آئی یوتھ عثمان جاوید،شاہد نوید، چودھری محمود الاحد، قیصر شریف، فاروق چوہان، فرید رزاقی اور دیگر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں سیاسی شعور بیدار ہورہا ہے۔ آج کا نوجوان سیاست میں خاصی دلچسپی رکھتا ہے اور ان کو ایک پلیٹ فارم کی ضرورت ہے جوکہ جماعت اسلامی مہیاکرے گی۔ ملک کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ اس لیے نوجوانوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہونے چاہئیں۔ موجودہ حکمرانوں نے عوام اور بالخصوص نوجوانوں کی فلاح وبہبود کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے۔ دنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے نوجوان نسل کی مکمل رہنمائی کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی مشکلات کو بھی ہنگامی بنیادوں پر حل کرتے ہیں لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں معاملہ الٹ ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور ملکی حالات سے دلبرداشتہ ہو کر ہر سال 8 ہزار اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان دیار غیر کارخ کررہے ہیں اور جو بیرون ملک جانے کی سکت نہیں رکھتے انہیں ڈگریاں ہاتھوں میں لے کر دردر کی ٹھوکریں کھانی پڑرہی ہیں۔ حکومت نے اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ ملکی حالات انتہائی دگرگوں ہیں۔نوجوانوں میں حکمرانوں کی کارکردگی کے حوالے سے بے چینی پائی جاتی ہے۔ موجودہ حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ جب تک نوجوانوں کو قومی دھارے میں لانے کے لیے حکومت کی جانب سے قومی سطح پر لائحہ عمل وضع نہیں کیاجائے گا ملکی حالات سازگار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ جے آئی یوتھ کاآج ہونے والاعظیم الشان کنونشن نوجوانوں کے لیے نشان منزل ثابت ہوگا۔