جے آئی یوتھ کنونشن کے لیے مینارپاکستان پر میدان سج گیا

150

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جے آئی یوتھ کنونشن کے لیے مینارپاکستان پر میدان سج گیا، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق انٹرا پارٹی الیکشن کے نتیجے میں منتخب ہونے والے پرعزم نوجوانوں سے خطاب کریں گے۔ ضلع راولپنڈی سے جماعت اسلامی یوتھ کے قافلے آج نائب امرا ضلع راجا محمد جواد، محمد وقاص خان، امتیاز علی اسلم، جنرل سیکرٹری ظفرالحسن جوئیہ، ضلعی صدر سردار تفہیم اعظم، اصغر خان مہمند، سردار ایاز خان، عبیدالرحمن خان کی قیادت میں لاہور کے لیے روانہ ہوں گے۔ ضلعی ترجمان کے مطابق امیر ضلع شمس الرحمن سواتی کی علالت کے باعث ان کے نائبین اور نوجوان قائدین خطہ پوٹھوہار سے ہزاروں نوجوانوں کی قیادت کریں گے۔ صوبائی وقومی حلقوں سے نوجوانو ں کی قیادت محمد تاج عباسی، سردار رفیع الدین، حنان چیمہ، عابد محمود، چودھری عطا ربانی، ملک حسیب خالد، خالد محمود مرزا، چودھری عابد حسین، عتیق کاشمیری کریں گے۔ قبل ازیں نوجوانوں کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے امیر ضلع شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ مینار پاکستان کے تاریخی مقام سے قائد اعظمؒ کی قیادت میں تحریک پاکستان کا آغاز ہوا جس کا ہراو ل دستہ نوجوان تھے، آج مسائل کی دلدل میں گھرے پاکستان کو ایک بار پھر ان نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ عظیم الشان یوتھ کنونشن میں اسلامی ریاست کے نوجوانوں کی بڑی تعداد کا شرکت کے حوالے سے عزم قابل ستائش ہے۔ کنونشن پاکستان کی تاریخ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا اور اس کے اثرات آئندہ قومی الیکشن میں نظرآئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج اسلامی انقلاب عوام کی دہلیز پر دستک دے رہا ہے اور نوجوان سینیٹر سراج الحق کی سربراہی میں اس کی قیادت کررہے ہیں۔