جے آئی یوتھ کا عظیم الشان کنونشن قیادت کی فراہمی کی راہ ہموار کرے گا

171

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے لاہورمیں ہونے والے یوتھ کنونشن میں فیصل آباد ہزاروں نوجوان نے ضلعی صدر راناعدنان خان کی قیادت میں شرکت کی ،مختلف علاقوں سے نوجوان بسوں،ویگنوں،سمیت اپنی اپنی گاڑیوں میں کنونشن میں شرکت کی ،شرکا نے بینرز،فلیکسزاورجھنڈے بھی اٹھا رکھے تھے ۔اس موقع پر نوجوانوں سے گفتگوکرتے ہوئے ضلعی صدر راناعدنان نے کہاکہ جے آئی یوتھ کا عظیم الشان کنونشن پاکستان میں صاف ستھری ، دیانتدار اور جرأت مندقیادت کی فراہمی کی راہ ہموار کرے گا اور وطن عزیز میں اسلامی انقلاب کی نوید ثابت ہوگا۔انہوں نے کہاکہ یوتھ کنونشن میں لاکھوں نوجوان مینار پاکستان پر جمع ہوکراس عزم کا اظہار کریں گے کہ پاکستان کیخلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیاجائے گا۔ ملکی ترقی وخوشحالی کے لیے پاکستانی نوجوان اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک دشمن قوتوں نے چاروں طرف سے پاکستان کو گھیرا ہوا ہے۔ پاکستان بنانے میں بھی نوجوانوں نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ اب بھی ملکی سلامتی وبقا کے لیے نوجوان آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت پورے ملک میں جماعت اسلامی نوجوانوں کو منظم کرے گی اور آئندہ عام انتخابات میں جماعت اسلامی اچھی شہرت رکھنے والے امیدواروں کو میدان میں اتارے گی۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق پاکستان میں حقیقی تبدیلی لانا چاہتے ہیں اور ملک کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لیے شب و روز جدوجہد کررہے ہیں۔ پاکستان کا نوجوان طبقہ اب بیدار ہوگیا ہے اور جے آئی یوتھ کے پرچم تلے متحد ہوکر ملکی ترقی کے لیے کام کررہا ہے۔