بھارت سرحدوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کررہا ہے، خالد محمود

182

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) ریلوے پریم یونین لاہور ڈویژن کے سنیئر نائب صدر خالد محمود چودھری نے بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں بے گناہ معصوم شہریوں کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مسلسل کئی ماہ سے سرحدوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کررہا ہے، امن کے علمبردار ممالک، این جی اوز اور اقوام متحدہ خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں، بھارت کو منہ توڑ جواب نہ دیا گیا تو اس کے حوصلے بڑھیں گے، پاکستان کا بچہ بچہ پاک فوج کے ہمراہ اپنے وطن کی حرمت پر کٹ مرنے کو تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مقامی رہنما ملک بشیر، باؤ طاہر، باسط شفیق، محمد آصف جاوید، محمد نعیم اختر، محمد رمضان، عمران کاہلوں، عدنان خٹک، محمد یونس بٹ، نادر شاہ، ظہیرالدین بابر، نورالدین اور دیگر زونل ذمے داران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف بھارت پاکستان میں قیام امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے لیے معصوم شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بناتا ہے، دوسری طرف پاکستانی حکمران بھارت سے تجارت اور دوستی کے لیے بے قرار ہیں، بھارت پاکستان کو عدم استحکام اور انتشار کا شکار کرنے کے لیے اپنے مکروہ ایجنڈے پر کار بند ہے۔ تخریب کاری کے درجنوں واقعات کے پیچھے بھارتی نیٹ ورک کی موجودگی کے تمام ثبوت قومی سلامتی کے اداروں کے پاس ہیں۔