عوام کو شعور کب آئے گا؟

213

جوں جوں الیکشن قریب آرہے ہیں نواز شریف اور مریم نواز کی تلخیاں بڑھتی جارہی ہیں۔ اپنے آپ کو پاک صاف ثابت کرنے کی کوششیں عروج پر ہیں، سارا ملبہ عدلیہ اور فوج پر ہے، ہر جلسے میں بتایا جاتا ہے کہ کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ دوسری طرف پنجاب حکومت اور وفاق دھڑا دھڑ نئے نئے منصوبوں کا اعلان کررہے ہیں، پنجاب حکومت کا دعویٰ ہے کہ ہم نے لوڈشیڈنگ ختم کردی، ہر طرح سے عوام کی خدمت کی ہے، گویا پورے پنجاب میں دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی ہیں، عوام کو ہر طرح کا امن و سکون میسر ہے، جرائم ختم ہوگئے ہیں، کرپش کا نام و نشان نہیں ہے، عوام کے پیٹ بھرے ہوئے ہیں اور جناب خادم اعلیٰ عوام کی خدمت کرکر کے بیمار پڑ گئے ہیں۔
ہمارے حکمران سمجھتے ہیں کہ جب تک وہ اقتدار میں ہیں ملک ترقی کررہا ہے، عوام خوشحال ہورہے ہیں لیکن جیسے ہی اقتدار ان کے ہاتھ سے نکلا ساری ترقی اور خوشحالی ختم ہوگئی، جیسا کہ نواز شریف نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کہا ’’اور مجھے نکالو‘‘ مہنگائی بڑھ گئی۔ گویا یہ حکومت (ن) لیگ کی نہ ہو کسی اور پارٹی کی ہو۔ صرف نواز شریف کے اقتدار میں نہ رہنے سے ملک نے تنزلی کا سفر شروع کردیا اور مہنگائی بڑھنے لگی۔ معلوم نہیں ہمارے عوام کو کب شعور آئے گا، آج کل کوئی چیز بھی چھپی ہوئی نہیں ہے، ساری کرپشن عیاں ہے لیکن جب ووٹ دینے کا مرحلہ آئے گا تو پھر عوام اُنہی کو ووٹ دیں گے جو اُن کا خون بھی چوس لیتے ہیں، انہیں دو وقت کی روٹی بھی مشکل ہی سے ملتی ہے۔ تعلیم اور صحت جیسی سہولتیں ان کے بچوں کو حاصل نہیں ہیں، عوام کا سارا پیسا انہی حکمرانوں کے پاس چلا جاتا ہے اور پھر یہی ہمارے سروں پر مسلط ہوجاتے ہیں۔ کاش عوام کو ووٹ کی طاقت کا اندازہ ہوجائے اور وہ ایماندار اور نیک لوگوں کو الیکشن میں کامیاب کرائیں۔
سیما رزقی، نارتھ ناظم آباد بلاکF