پاکستان کا مستقبل اسلام کے ساتھ وابستہ ہے،سید عارف شیرازی

166

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے مینار پاکستان لاہور کے تاریخی مقام پریوتھ کنونشن کی کامیابی پراللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے جماعت اسلامی اور جے آئی یوتھ کے قائدین اور کارکنان کو مبارکباد دی ہے۔ایک بیان میں سید عارف شیرازی نے کہاہے کہ یوتھ کنونشن کی کامیابی کے لیے دن رات کام کرنے والے عہدیداران اور کارکنان نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ یہ اعزاز جماعت اسلامی کو حاصل ہوا ہے کہ پہلے نوجوانوں کے انٹرا پارٹی الیکشن کرواکر گلی محلے اور یونین کونسل کی سطح پر نوجوان قیادت کو سامنے لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کا یوتھ کنونشن آنے والے دنوں میں سیاست کے رُخ کو تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ۔لاکھوں کی تعداد میں نوجوانوں کا امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی آواز پر لبیک کہنا ایک مثبت سوچ اور تبدیلی کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سے ہزاروں کی تعداد میں نوجوان مینار پاکستان کے یوتھ کنونشن میں شریک ہوئے ہیں۔ہم سب نوجوانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔ان شاء اللہ ! مستقبل میں یہی نوجوان اسلامی انقلاب کا ہراول دستہ ہوں گے۔سید عارف شیرازی نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل اسلام کے ساتھ وابستہ ہے۔ وطن عزیز پاکستان کو خوشحال ٗ پرامن اور ایک اسلامی ریاست بنانے کے لیے تمام طبقات کو اپنی اپنی ذمے داریاں ادا کرنے کی ضرورت ہے۔