بدین میں پل منہدم ہونے سے400 دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع 

194

بدین(مانیٹرنگ ڈیسک)بدین میں پل منہدم ہونے سے400 دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، اس پل کی مرمت گزشتہ برس ہی کی گئی تھی لیکن یہ ایک ٹرک کا وزن بھی برداشت نہ کرسکا۔ضلع بدین میں گونی کینال پر تعمیر کیا گیا پل ایک ٹرک کا وزن برداشت نہ کرسکا اور منہدم ہوگیا جس کے نتیجے میں تقریباً 400 دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔محکمہ ہائی ویز کے ذرائع کے مطابق واقعہ ضلع بدین کی تحصیل گولارچی میں کڑیو گہنور کھورواہ روڈ پر پیش آیا جہاں گونی کینال پر تعمیر کیا گیا پل ایک ٹرک کا وزن برداشت نہ کرسکا اور ٹرک سمیت مکمل طور پر گر گیا۔اس پل کی مرمت گزشتہ برس ہی کی گئی تھی،یہ پل ایشین بینک کے فنڈز سے تعمیر ہوا، جسے ہیوی ٹریفک کے لیے فٹ قرار دیا گیا تھا۔محکمہ ہائی ویز کے حکام کا کہنا ہے کہ پل پرانا تھا اس لیے گرگیا تاہم علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پل کی تعمیر میں لاکھوں روپے کی مبینہ بے قاعدگیاں کی گئیں اور گزشتہ برس مرمت کے نام پر بھی بد عنوانی اور بے قاعدگیوں کی شکایات پائی گئی ہیں۔