نجی تعلیمی ادارے بے لگام ،نئے سیشن کی فیسوں میں کئی گنا اضافہ

309

کراچی (رپورٹ:حماد حسین)شہر بھر کے نجی تعلیمی ادارے بے لگام ہوگئے۔نئے سیشن میں داخلہ فیس اور ماہانہ فیسوں میں کئی گنا اضافہ کردیا۔والدین کو اسکول سے نصاب خریدنے کی ہدایت۔ڈائریکٹریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز اعلیٰ افسران کے بچوں کو داخلہ دلوانے میں مصروف ۔ذرائع کے مطابق شہر قائد میں قائم اسکولوں نے عدالت عظمیٰ کے احکامات کے برخلاف نئے سیشن کے آغاز سے داخلہ فیس اور ماہانہ فیسوں میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے۔بلکہ کئی اسکول مالکان کی جانب سے سالانہ نتائج کے موقع ہی پر یہ اعلان کردیا گیا تھا کہ نئی کلاسز کا آغاز اپریل کے پہلے ہفتے میں کیا جائے گااور اس حوالے سے کلاسز کا نصاب اسکول ہی سے لیا جائے۔کہیں اور سے لی جانے والی کتابیں واپس کردی جائیں گی۔اور پرانی کتابوں کے استعمال پر بھی پابندی لگادی ہے۔اس ہدایات پر والدین شدید ذہنی کوفت کا شکار ہیں۔اس حوالے سے والدین کا کہنا تھا کہ ایک جانب سے یہ نجی تعلیمی ادارے فیسوں میں من مانا اضافہ کررہے ہیں تو دوسری جانب نئے تعلیمی سال کے لیے نصاب کی کتابیں بھی ان ہی کے اسکولوں سے خریدنے پر مجبور کر رہے ہیں۔ ان کا مزیدکہنا تھا کہ بازار میں درسی کتابوں کے مقابلے میںیہ اسکول اچھا خاصامنافع وصول کررہے ہیں جوکہ سراسر ناانصافی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اسکول انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آپ اپنے بچوں کو نئی کتابیں خرید کردیں، پرانی نہیں چلیں گی۔ عدالت عظمیٰ نے واضح احکامات دیے ہیں کہ ڈائریکٹریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنزکے قواعد و ضوابط کے مطابق اسکول ماہانہ فیس میں ہر سال صرف 5 فیصد ہی اضافہ کرسکتا ہے۔تاہم ڈائریکٹریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے ان تمام اسکولوں کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی جنہوں نے رواں سال میں میٹرک کے امتحانات دینے ولے طلبہ و طالبات سے جون اور جولائی کی فیس وصول کی تھی۔ نجی تعلیمی ادارے نے ڈائریکٹریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کے اعلی افسران کی خاموشی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے داخلہ فیس کے ساتھ ماہانہ فیسوں میں من مانا اضافہ کردیا ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنزکا عملہ ان اداروں کے خلاف اس لیے بھی کارروائی نہیں کررہا ہے کیونکہ یہ ادارے ان کی سفارش پر اعلیٰ عہدوں پر تعینات افسران کے بچوں کو بغیر کسی داخلہ ٹیسٹ کے داخلہ دے دیتے ہیں۔اس ضمن میں ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز منسوب احمد صدیقی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کال موصول نہیں کی۔