چیف جسٹس کا کاشتکاروں کو عدم ادائیگی کا نوٹس لینا خوش آئند ہے

219

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)کسان بورڈکے ضلعی صدر میاں ریحان الحق ایڈووکیٹ اورجنرل سیکرٹری چودھری طارق منیرنے اپنے مشترکہ بیان میں عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی جانب سے شوگر ملوں کی جانب سے گنے کے کاشتکاروں کو عدم ادائیگی کی شکایت پر از خود نوٹس لیتے ہوئے مل مالکان سے دس روز کے اندر اندر جواب طلب کرنے کے فیصلے کو خوش آئندقراردیتے ہوئے کہا ہے کہ مل مالکان گنے کے کاشتکاروں کومختلف حیلے بہانوں سے لوٹتے ہیں اورکوئی ان کا پرسان حال نہیں، میاں ریحان الحق نے کہاکہ گنا طویل دورانیہ تقریباً 13ماہ کی فصل ہے جس پر اخراجات دوسری فصلوں کی نسبت زیادہ ہوتے ہیں پاکستان میں گنے کی فصل کو ’’سیاسی فصل‘‘ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ ملک کی بیشتر شوگر ملز سیاستدانوں کی ملکیت ہیں اور ملکی معاشی پالیسیاں بھی یہی لوگ ترتیب دے رہے ہیں جو کہ انہی کے مفاد کا تحفظ کرتی ہیں۔ دنیا میں تمام کاروبار نفع اور نقصان کے پیش نظر کیے جاتے ہیں لیکن پاکستان میں چینی کی صنعت میں نقصان کا تصور بھی شوگر مالکان کیلیے ایک بھیانک خواب ثابت ہوتا ہے وہ ہر قیمت پر منافع ہی کمانا چاہتے ہیں۔کاشتکار مروجہ کاروباری اصولوں کے تحت محنت بھی کرتا ہے اور پیسہ بھی لگاتا ہے اور عموماً نقصان برداشت کرتا ہے اور استحصال کا بھی ایندھن بنتا ہے۔انہوں نے کہاکہ شوگر کرشنگ سیزن 2017-18ء تاخیر سے شروع ہونے کی وجہ سے گنے کے کھیت بروقت خالی نہیں ہو سکے‘ لاکھوں چھوٹے کاشتکار جو گندم کاشت کرنا چاہتے تھے وہ گندم کی کاشت سے بھی محروم رہے‘ اب نوبت یہ ہے کہ فصلوں کے نرخ نہ ملنے کی وجہ سے کاشت کار عرش سے فرش پر آ گرے ہیں ان کے پاس اپنے جوان بچوں کی شادیاں کرنے کے لیے بھی وسائل نہیں ہیں۔ پچھلے چار شوگر کرشنگ سیزن کی طرح اب کی بار شوگر کریشنگ سیزن 2017-18ئکے لیے حکومت پنجاب نے گنے کی قیمت 180روپے فی من سے نہیں بڑھائی ہے‘ دوسری جانب شوگر ملز مافیا نے کرشنگ سیزن سے قبل ہی حیلے بہانوں سے چینی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا اور 40‘ 45 روپے فی کلو گرام والی چینی کی قیمت میں پانچ روپے فی کلوگرام تک اضافہ ہو چکا ہے۔ شوگر ملز مافیا تو اپنے مفادات کا تحفظ کرلیتا ہے لیکن مفلوک الحال کاشتکاروں کی حکومتی سطح پر کہیں شنوائی نہیں ہوتی۔ ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔رہنماؤں نے اعلیٰ عدلیہ کی جانب سے از خود نوٹس کو کسانوں کے لیے خوشی کی نویدقراردیا۔