لوڈشیڈنگ اور پانی بحران کیخلاف قرار مگر مچھ کے آنسو کے سوا کچھ نہیں ،مجاہد چنا

178

کراچی(وقائع نگارخصوصی) جماعت اسلامی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے کراچی تا کشمور بجلی کی لوڈشیڈنگ اور پانی بحران پر سندھ اسمبلی میں منظور کردہ قرارداد کو مگرمچھ کے آنسو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کئی برسوں سے حکمرانی کے مزے لینے والے عوام کے بنیادی مسائل حل نہ کرنے میں برابر کے مجرم ہیں وہ محض قرار دادیں منظور کرکے اپنی ذمے داری سے ہرگز بری الزمہ نہیں ہوسکتے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ صحت و تعلیم کی بربادی سے لے کر عوام کوپینے کا صاف پانی کی عدم فراہمی اور مفلوک الحال صورتحال تک پہنچانے میں ان منتخب نمائندوں کا برابر کا حصہ ہے ۔ سندھ میں آلودہ پانی سے کینسر ،ہیپاٹائٹس بی اور سی پھیلنے لگا ہے جبکہ 12 سے 18 گھنٹے بجلی کی لوشیڈنگ سے معیشت کا پہیہ جام،کاروبار ٹھپ اورمعمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہا ہے۔ منتخب نمائندے اگر چاہتے اور کرپشن فری اقدامات کریں تو عوام اس طرح لاوارث نہیں ہوتے۔ سندھ میں لاقانونیت ہے ،اسکول وڈیروں کی اوطاق، اسپتالوں میں سردرد کی گولی کے لیے بھی عوام پریشان ہیں۔ ان کے حقوق کے لیے بھی اسمبلی میں قرارداد منظور ہونی چاہیے۔ پورے5 سال حکمرانی کے مزے لینے والوں کو انتخابات قریب آتے ہی عوام کا درد ستانے لگا ہے۔ بجلی بحران سمیت عوامی مسائل کے لیے عوام سڑکوں پر احتجاج کرتے ہیں تو یہی حکمران ان پر لاٹھیاں چلاتے ہیں اس لیے سندھ کے حکمراں اگر واقعی بجلی بحران سمیت عوام کے مسائل کے حل کے لیے مخلص ہیں تو انہیں سنجیدہ و کرپشن فری اقدامات کرنے چاہییں۔ محض قرارداد منظور کرنے کے بجائے بجلی بحران سمیت عوامی مسائل کے حل کے لیے ارکان اسمبلی اپنی کارکردگی سے قوم کو آگاہ کریں۔