ایم ایم اے کی بحالی حبس زدہ ماحول میں تازہ ہوا کا جھونکا ہے‘ شمس الرحمن

543

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی رورل شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل عوام کی توقعات پر پورا اُترے گی۔ اسلامی نظام کے نفاذ پر سب کا اتفاق ہے۔ امام الانبیاﷺ کی بعثت کا مقصد غلبہ دین تھا۔ دینی جماعتوں نے ہمیشہ عام آدمیوں کو اسمبلیوں میں بھیجا ہے۔ ایم ایم اے کی بحالی حبس زدہ ماحول میں تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی کے ضلعی دفتر سید مودودیؒ بلڈنگ میں متحدہ مجلس عمل ضلع راولپنڈی کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی کی میزبانی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی کے شمس الرحمن سواتی، سید عارف شیرازی، راجا محمد جواد، ضیا اللہ چوہان، سید عزیر حامد، ملک محمد اعظم، رضا محمد چودھری، ملک عمران، جمعیت علما پاکستان کے حافظ محمد حسین، مقصود احمد کھوکھر، محمد نصیر خان ترین، صابر حسین، جمعیت علما اسلام (ف) کے ڈاکٹر ضیا الرحمن، ارشد عباسی، مرکز ی جمعیت اہلحدیث کے محمد احسن فاروقی، حافظ عبدالحمید سلفی، قاری عبدالوکیل غازی، صدیر احمد ہزاروی اور اسلامی تحریک کے سید جاوید علی شاہ شریک ہوئے۔ اجلا س میں تمام جماعتوں نے ایم ایم اے ضلع راولپنڈی کی جنرل کونسل کے لیے چار چار نام پیش کیے ، جنہیں اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔ جس کے مطابق 20 رکنی ضلعی جنرل کونسل میں جماعت اسلامی کے شمس الرحمن سواتی، سجاد احمد عباسی، سید عارف شیرازی، سید عزیر حامد، جمعیت علما پاکستان کے طارق منیر بٹ، حافظ محمد حسین، راجا فہیم احمد کیانی، حاجی نصیر خان ترین، جمعیت علما اسلام (ف) کے مولانا تاج محمد خان، ارشد عباسی، مولانا عبدالستار توحیدی، ڈاکٹر حافظ ضیا الرحمن، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے محمد احسن فاروقی، حافظ عبدالحمید سلفی، قاری عبدالوکیل غازی، صدیر احمد ہزاروی اور تحریک اسلامی کے سید جاوید علی شاہ، مولانا قاسم جعفری، محمود شاہ اور نزاکت نقوی شامل ہوں گے۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ ایم ایم اے کی صوبائی تنظیموں کے انتخابات کی تکمیل کے بعد اب ضلعی تنظیم سازی صوبائی ٹیم کی نگرانی میں کی جائے گی۔ جس کا شیڈول جلد ہی آجائے گا۔ اگلے اجلاس میں ہر جماعت کے چار چار افراد شریک ہوں گے اور ضلعی تنظیم بنائی جائے گی۔ حافظ محمد حسین نے کہا کہ الیکشن مہم میں ایم ایم اے کی سابقہ صوبائی حکومت کے کاموں کو عوام کے سامنے لایا جائے۔ سید جاوید علی نے ایم ایم اے کی بحالی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب قائدین کی محنت کا ثمر ہے۔ مولانا احسن فاروقی نے کہا کہ ایم ایم اے کے تعطل کا نقصان ہواہے۔ اب اس سلسلے کو جاری رہنا چاہیے۔ ڈاکٹر ضیا الرحمن نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں ایم ایم اے کو پہلے سے بڑھ کر کامیابی ملے گی۔