حکومت بجلی چوروں کو پکڑنے اور بل وصول کرنے میں ناکام رہی

211

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو دی جانے والی سالانہ 200 ارب روپے کی سبسڈی صارفین سے پوری کرنے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بجلی چوروں کو پکڑنے اور نادہندہ اداروں سے بجلی کے بل وصول کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے، جس سے سسٹم کو 32ا رب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے، لائن لائسز کی مد میں بھی واپڈا کو سالانہ 360 ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے جس کی وجہ سے جہاں ایک طرف عوام کو لوڈشیڈنگ کا عذاب برداشت کرنا پڑتا ہے تو وہاں دوسری طرف ٹیکسوں کی مد میں بھاری بھرکم بجلی کے بل بھی ہر ماہ ادا کرنے پڑ رہے ہیں، حکمران ہر محاذ پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ ایک طرف 20 کروڑ عوام کے جان ومال کو تحفظ حاصل نہیں تو دوسری جانب رہی سہی کسر برسر اقتدار لوگوں کی ڈنگ ٹپاؤ پالیسیوں نے پوری کردی ہے۔ سبسڈی دینے کے نام پر عوام ہی کے خون پسینے کی کمائی کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ محسوس ہوتا ہے کہ حکمرانو ں کو عوامی مشکلات سے کوئی غرض نہیں۔ حکمرانوں نے عوامی مسائل میں اضافے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ ادارے تباہ وبرباد ہوچکے ہیں۔ غریب عوام کو دی جانے والی سبسڈی کے نام پر کرپٹ عناصر اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ہیں۔ حکمرانوں نے قرضے حاصل کرنے میں سبقت حاصل تو کرلی مگر عوام کو ثمرات نہیں مل سکے۔ آئے روز میگا کرپشن کے اسکینڈلز منظر عام پر آرہے ہیں۔