بلاول کی دعوت مبارزت

297

پاکستان پیپلز پارٹی کے نو عمر صدر نشین بلاول زرداری نے عمران خان کو دعوت مبارزت دی ہے کہ وہ کراچی سے الیکشن لڑیں تو عبرت ناک شکست دیں گے ۔ اس سے پہلے وہ نواز شریف کو بھی ایسا ہی چیلنج دے چکے ہیں ۔ ظاہر ہے کہ یہ بچگانہ رویہ ہے کہ ہمارے محلے میں آؤ تو نمٹ لیں گے ۔ ان کے والد آصف زرداری پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ بلاول سیاسی نابالغ ہے ۔ شاید یہی خوبی دیکھ کر انہیں پیپلز پارٹی کاصدر نشین بنایا اور خود اپنے بیٹے کی نیابت قبول کر لی ۔ اب اگر جواب میں عمران خان یا نواز شریف بلاول کودعوت مبارزت دے ڈالیں کہ آؤ ہمارے علاقے میں آ کر انتخاب لڑو ، مزہ چکھا دیں گے ۔ تب کیا ہو گا ۔ کیا بلاول صوبہ خیبر پختونخوا میں جا کر انتخاب لڑیں گے یا پنجاب کے اس شہر سے جہاں حال ہی میں ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کو شرمناک شکست ہوئی ہے ۔ صرف یہ دعویٰ کرنا کافی نہیں کہ ہم پورے ملک سے جیتیں گے اور ہر صوبے اور وفاق میں حکومت بنائیں گے ۔ وہ اپنے دعوے میں آزادکشمیر کو بھی شامل کر لیتے ، کہنے میں کیاہرج ہے ۔ بلاول تو خیر ابھی نا تجربہ کار ہیں لیکن بیشتر سیاستدان ایسے ہی دعوے کرتے رہتے ہیں جن کے پورے ہونے کا امکان نہیں ہوتا ۔ اب بلاول کو چاہیے کہ وہ سندھ کے سوا دیگر تین صوبوں سے الیکشن لڑنے کے لیے حلقوں کا اعلان کر دیں تاکہ کچھ سیاسی گہما گہمی پیدا ہو ۔ میاں نواز شریف بار بار جیل جانے کے خدشے کا اظہار کر رہے ہیں تو کیوں نہ ماڈل ٹاؤن میں ان کے حلقے سے بلاول زرداری الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیں ۔ یہ واضح ہو جائے گا کہ عبرت ناک شکست کس کو ہوتی ہے ۔