بھارتی فوج نے کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ تیز کر رکھا ہے

183

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 67کے امیر نعمان احسن ملک ،یوسف گل پراچہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں سات کشمیری شہید اور بیسیوں افراد کو زخمی کیے جانے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے شوپیاں اور اسلام آباد (اننت ناگ) میں خون کی ندیاں بہائی گئیں اور اب کولگام میں بدترین دہشت گردی کا ارتکاب کیا گیا ہے۔ شکست خوردہ بھارتی فوج کشمیریوں کی جدوجہد آزادی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر بدترین دہشت گردی کا ارتکاب کر رہی ہے۔ نہتے کشمیریوں پر گولیاں برسائے جانے پر بین الاقوامی دنیا کی خاموشی افسوسناک ہے۔ دختران ملت سے وابستہ خواتین کو گرفتار کرنے اور ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کرنے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج نے پچھلے کچھ عرصے سے کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ تیز کر رکھا ہے۔ بی جے پی سرکار کے دباؤ پر پوری حریت قیات نظربند ہے اور انہیں نماز جمعہ تک ادا کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔ بھارتی فوج کی وحشیانہ قتل و غارت ساری دنیا دیکھ رہی ہے۔ افسوس کہ نام نہاد انسانی حقوق کے علمبردار اداروں اور ملکوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کے صحیح وکیل ہونے کا کردار ادا کرے اور سفارتی سطح پر بھارت کی دہشت گردی کو عالمی دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔