آرفن پروگرام کے تحت ہزاروں بچوں کی کفالت کی جارہی ہے، میاں مقصود

275

لاہور (وقائع نگار خصوصی) دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی نیکی نہیں۔الخدمت فاؤنڈیشن 1992ء سے پاکستان کے نادار، غریب، مستحق، بیواؤں اور یتیموں کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے بینر تلے چلنے والے مختلف انواع کے پروگرامات کامرکزومحور صرف اورصرف مظلوموں،بے کسوں اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو زندہ رہنے کی امید دلانا ہے۔اللہ تعالیٰ ایسے لوگوں سے خوش ہوجاتاہے جوبے لوث ہوکر مخلوق خدا کی خدمت کرتے ہیں،ان کے دکھ درد کو اپنا سمجھتے ہیں۔جماعت اسلامی خدمت خلق کاوسیع نیٹ ورک رکھتی ہے۔ان خیالات کا اظہار متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدراورامیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمدنے گزشتہ روزصوبائی دفترمنصورہ میں الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی سب سے بڑی فلاحی تنظیم ہے جس نے ہر شعبہ ہائے زندگی میں کام کیا ہے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن یتیم بچوں کی کفالت سے لے کر قدرتی آفات سے متاثر ہونے والے افراد کی مکمل بحالی تک ہر قدم پر قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ 2008ء کا خوفناک زلزلہ ہو یا 2010ء کا تباہ کن سیلاب جماعت اسلامی اورالخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے رات دن انتھک محنت کی اور ہروقت ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار رہتے ہیں۔بین الاقوامی میڈیا بھی متعددبار اس بات کابرملااظہار کرچکا ہے کہ پاکستان میں فلاحی کاموں میں الخدمت فاؤنڈیشن کے کارنامے قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی الخدمت فاؤنڈیشن کے آرفن کیئر پروگرام کے تحت ملک بھر سے ہزاروں یتیم بچوں کی ان کے گھروں پر کفالت کی جارہی ہے۔اس کے علاوہ20بڑے شہروں میں آغوش کے نام پر پروجیکٹس بھی چل رہے ہیں جن میں ہزاروں بچے مقیم ہیں۔ میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ انسانی ہمدردی کے جذبے سے سرشار ہوکر انسانیت کی خدمت کرنی چاہیے۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب کے نائب صدر اکرام الحق سبحانی، سیکرٹری جنرل پنجاب الخدمت فاؤنڈیشن رانا عثمان ودود، احمد خان ترین ودیگر موجود تھے۔