جی سی یونیورسٹی کے طلبہ کو نکالنا ا نتظامیہ کا گھناؤنا اقدام ہے

179

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان نے جی سی یونیورسٹی کی طالبہ عابدہ سے زیادتی کے بعد قتل کے ملزمان کی عدم گرفتاری پرمظاہرہ کرنے والے طالب علموں کا یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے اخراج کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا ہے جی سی یونیورسٹی کی انتظامیہ قاتلوں کی پشت پناہی کررہی ہے۔ اپنی ہی یونیورسٹی کی طالبہ کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرنے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کرنے کے بجائے ان کے اخراج پر تل گئی ہے۔ عابدہ کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے مظاہرہ کرنے والے طالب علموں کو یونیورسٹی سے نکالنے سے واضح ہوتا ہے کہ جیسے انتظامیہ بھی اس واقعہ میں ملوث ہے۔ یونیورسٹی میں مڈٹرم کے امتحانات ہورہے ہیں اور طلبہ کو امتحانات میں بھی بیٹھنے نہیں دیا جارہا ہے۔ طالب علموں کے لیے سرکاری تعلیمی ادارے کے دروازے بند کرنا یونیورسٹی کا گھناؤنا اقدام ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔