وفاق تعلیم و دیگر ضروریات کی فراہمی میں دلچسپی لے رہا ہے‘ شعیب صدیقی 

245

کراچی ( رپورٹ : محمد انور )وفاقی سیکرٹری پلاننگ کمیشن و ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارمز شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی میں تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ دیگر شہری ضروریات کے لیے ہر ممکن تعاون کررہی ہے۔ مرکزی حکومت کی خواہش ہے کہ کراچی میں جاری گرین لائن بس سروس اور پانی کی فراہمی کا عظیم منصوبہ ” کے فور ” جلد سے جلد مکمل ہو۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ” جسارت ” ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔بہترین شہرت کے حامل گریڈ 22 کے آفیسر شعیب صدیقی نے بتایا کہ وفاق کراچی کے امور کے حوالے سے خاصی دلچسپی لے رہا ہے۔ اس ضمن میں حال ہی میں سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی نے کراچی یونیورسٹی میں 500 بستروں پر مشتمل ٹیچنگ اسپتال اور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے قیام کے لیے منصوبہ پیش کیا اور اس پر رضا مندی ظاہر کرتے ہوئے اسے منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا ہے۔ اس منصوبے پر آنے والی لاگت کا اندازہ8 ارب 40 کروڑ 60 لاکھ روپے لگایا گیا ہے جبکہ یونیورسٹی آف کراچی میں جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے 2ارب 13 کروڑ روپے کی منظوری بھی دی گئی۔ سیکرٹری پلاننگ کمیشن نے بتایا کہ نیشنل سینٹر آف بیسک سائینسز کے قیام کے لیے2 ارب 43 کروڑ 39 لاکھ روپے کی لاگت کے ایک اور منصوبے کو وفاق نے منظور کیا ہے۔ شعیب صدیقی نے بتایا کہ حکومت کی سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی نے کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے موجودہ فائر فائٹنگ نظام کی بحالی کے لیے ایک ارب 74 کروڑ 20 لاکھ روپے کی منظوری بھی دی ہے۔وفاقی سیکرٹری کا کہنا تھا کہ کراچی میں جاری ترقیاتی کاموں کے لیے وفاق کی جانب سے فنڈز کی ترسیل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہے بلکہ خواہش ہے کہ یہ منصوبے وقت پر مکمل ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی سیکرٹری شعیب صدیقی نے واضح کیا کہ انتخابات کی وجہ سے جاری ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹ نہیں آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے پر عمل درآمد کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومت اپنے دائرہ کار کے تحت کوشاں ہے، اس حوالے سے چین سے ابتدائی معاملات طے پاچکے ہیں۔ یادرہے کہ سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز کی زیر صدارت میں اسلام آباد 29 مارچ کو ہوا تھا۔