کرپشن زدہ حکمرانوں نے ملک کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا، میاں مقصود

331

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور صوبائی امیر جماعت اسلامی میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو تاحیات نااہل کرنے کے عدالت عظمیٰ کے فیصلے سے ملک میں احتساب کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ کرپٹ عناصر کا کڑا احتساب وقت کا اہم اور ناگزیر تقاضا ہے۔ جب تک ملک میں طاقت ور طبقے کا احتساب نہیں ہوگا تب تک کسی بھی قسم کی بہتری کی امید نہیں کی جاسکتی۔ ملک کو لوٹنے والے دیگر کرپٹ عناصر کیخلاف بھی کارروائی کی جائے۔ بدعنوان اور کرپٹ عناصر کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ کرپشن ملک کا بہت بڑا مسئلہ بن گئی ہے۔ کرپشن کا خاتمہ کیے بغیر مسائل کی دلدل سے نکلنا مشکل ہے۔ ملک وقوم کو سب سے زیادہ نقصان کرپشن زدہ حکمرانوں نے پہنچایا ہے۔ قومی خزانہ لوٹ کر بیرون ملک جائدادیں بنانے والوں کا احتساب شروع ہوگیا ہے۔ احتسابی عمل کے شروع ہونے سے نہ صرف ملکی جمہوریت اور ادارے مضبوط ہوں گے بلکہ شفاف احتساب سے ملک کو کرپشن جیسی لعنت سے بھی نجات مل سکے گی۔ عوامی مسائل بڑھتے جارہے ہیں جبکہ حکمرانوں کی ساری توجہ لوٹ مار کرنے پر مرکوز ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، لوڈشیڈنگ اور کرپشن نے ملک کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ عوامی مسائل حل نہ ہونے کی وجہ سے مزدور اور عام طبقہ حکمرانوں سے شدید مایوس ہوگیا ہے۔ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ملک میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ پھرسے شروع کردیا گیا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور بجلی کی لوڈشیڈنگ نے ملک کے معاشی مستقبل کو مایوس کن بنا دیا ہے۔ موجودہ حکومت نے قرض لینے میں گزشتہ تمام حکومتوں کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنے دور اقتدار کے 5 سال پورے کرنے والی ہے اور اپنے آخری ایام گزار رہی ہے مگر لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے ابھی تک کوئی ٹھوس منصوبہ بندی دیکھنے میں نہیں آرہی۔ میاں مقصود احمد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گرمی بڑھنے سے پہلے لوڈشیڈنگ کنٹرول کرکے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔