علما کرام متحد ہو کر قوم کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتے ہیں

120

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ دینی جماعتوں کا اتحاد متحدہ مجلس عمل فعال ہوچکا ہے، آئندہ انتخابات میں بھر پور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ پاناما، دبئی اور لندن لیکس اور قرضے معاف کروانے والوں کی فہرستوں میں کسی دینی جماعت کے رہنما کا نام نہیں آیا۔ دینی جماعتوں کا اتحاد 2018ء کے انتخابات میں ایک بڑی قوت بن کر ابھرے گا، ملک کی دیگر دینی و سیاسی جماعتوں اور صاف ستھرے کردار کے حامل افراد سے رابطے کر رہے ہیں تاکہ 2018ء کے انتخابات میں سیکولر و لبرل سیاسی پارٹیوں کے مقابلے میں اسلام و نظریہ پاکستان کی محافظ دینی قوتوں کو متحد کیا جاسکے۔ ملک اس وقت چاروں طرف سے خطرات میں گھرا ہوا ہے، صرف دینی جماعتوں کی دیانت دار قیادت ہی ملک کو موجودہ سیاسی و معاشی بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ علما کرام متحد ہو کر قوم کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتے ہیں، اس لیے اب انہیں معمولی مسلکی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کے بارے میں سوچنا ہوگا۔ نظام مصطفیؐ کے نفاذ کے سوا امن و انصاف کا اور کوئی راستہ نہیں۔ اقتدار کی باریاں لینے، پارٹیاں بدلنے اور قومی دولت سے جیبیں بھرنے والوں پر سے عوام کا اعتماد اٹھ گیا ہے۔ آئندہ انتخابات میں عوام صاف ستھرے امیدواروں کو منتخب کر کے ملک سے کرپشن کی جڑوں کو ہمیشہ کے لیے کاٹ پھینکیں گے۔