کے الیکٹرک کے کاموں میں تیز رفتار بلنگ اور ان کی وصولی نمایاں ہے، اور بھاری منافع کمانے میں صف اول پر ہے، گرمی آتے ہی اس ادارے نے غیر علانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ کردیا ہے اور ساتھ ہی جہاں علانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اگر 24 گھنٹے میں تین مرتبہ کل تین گھنٹوں پر مشتمل تھا اب اسے بڑھادیا گیا ہے۔ کے الیکٹرک کے دفاتر میں اپنی شکایات کا اندراج اور متعلقہ افسران سے اُس کی داد رسی کے لیے ملاقات کے عمل کو ختم کردیا گیا ہے، شکایت کنندہ کو گیٹ پر موجود سیکورٹی والوں کو افسر مجاز کا نام بتانا اور پھر اس افسر سے شکایت کنندہ کے نام کی توثیق اور افسر کی اجازت حاصل کرنے کی توثیق ضروری ہے۔ بصورت دیگر صاحب مصروف ہیں اور ملاقات ممکن نہیں، یہ ادارہ نہ ہی وفاق اور صوبائی حکومت کے قوانین کا پابند ہے۔ لہٰذا ان سے کسی قسم کی التجا، اپیل اور گزارش کرنا ممکن نہیں، لہٰذا اس ضمن میں کے الیکٹرک کے سی ای او سے اپیل ہے کہ وہ بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لیے اقدامات کریں، غیر علانیہ لوڈشیڈنگ کے عمل کو ختم کریں، کسی بھی علاقے کے طے شدہ دورانیہ میں اضافہ نہ کریں، بجلی کے بلوں کے اجرا میں غیر ضروری اضافے سے پرہیز کریں، ادارے کے مینٹننس اور مرمت ڈپارٹمنٹ کو موثر بنائیں تا کہ لوگ بجلی کی فراہمی میں آسانی محسوس کرسکیں۔
صغیر علی صدیقی