پشاور بورڈ کے ملازمین کی ہڑتال سے طلبہ و طالبات کا نقصان ہورہا ہے

95

پشاور (وقائع نگار خصوصی) اسلامی جمعیت طلبہ پشاور کے ناظم حسن بشیر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پشاور بورڈ کے ملازمین کی ہڑتال کے نتیجے میں لاکھوں طلبہ و طالبات کا نقصان ہورہا ہے۔ ایف اے اور ایف ایس سی کے امتحانات اپریل میں ہونے تھے جو کہ بظاہر ہوتے ہوئے نظر نہیں آرہے۔ طلبہ و طالبات کو امتحانات کی تیاری اور رول نمبر کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ روزانہ ہزاروں طلبہ و طالبات بورڈ آفس کا چکر کاٹتے ہیں مگر کوئی پوچھنے والا نہیں۔ اس تمام تر نقصان کی وجہ حکومت کے غلط فیصلے اور ناقص منصوبہ بندی ہے۔ حکومت جلد از جلد بورڈ کے ملازمین کے ساتھ مذاکرات کر کے بورڈ دفتر اور امتحانات کے عمل کو بحال کرے۔ اسلامی جمعیت طلبہ تاخیر کی صورت میں طلبہ کا حق لینے سڑکوں پر آئے گی۔