۔ 12مئی کولیاقت باغ میں یوتھ کنونشن منعقد کریں گے،شمس الرحمن سواتی

180

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ عدلیہ کودباؤ میں لانے کی تمام ترکوششیں ناکام ہوں گی اور احتساب کا عمل جاری رہے گا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ سیاستدانوں ،بیورکریٹس سمیت ملکی دولت لوٹنے والے ہرشخص کا احتساب ہو،اپنے ہرعمل سے ووٹ کا تقدس پامال کرنے والے کیسے ووٹ کی عزت بحال کرسکتے ہیں ۔ جماعت اسلامی نے نوجوانوں کواقتدارکے عمل میں شریک کرنے کیلیے 50فیصد ٹکٹ نوجوانوں کیلیے مختص کردیے ہیں 12مئی کولیاقت باغ میں عظیم الشان یوتھ کنونشن منعقد کریں گے جس میں سینیٹرسراج الحق مہمان خصوصی ہوں گے۔ جے آئی یوتھ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ عوام نے جن لوگوں کو مینڈیٹ دیا ، انہوں نے باربارقوم کو دھوکا دیا اور عوام کے ٹیکسوں اور خون پسینے کی کمائی کو لوٹ کرباہر منتقل کیا ۔ ملک پر اس وقت 80 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ ہے جبکہ ہمارے پانچ سو ارب ڈالر سو ئس اور دبئی کے بینکوں میں پڑے ہیں،ان بدترین حالات کوبدلنے اورعوام کوصحت ،تعلیم ،صاف پانی اورروزگاردینے کیلیے پاکستان کوایک دیانت داراورشفاف قیادت کی ضرورت ہے ۔ عوام اپنے ووٹ کے رویے کوبدلیں اور کرپٹ مافیا سے نجات کیلیے جماعت اسلامی او رمتحدہ مجلس عمل کا ساتھ دیں ۔