سیاسی جماعتیں آئندہ انتخابات میں مزدوروں کے حقوق کو اپنے منشور کا حصہ بنائیں

179

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی صدر رانا محمود علی خان نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں آمدہ انتخابات میں مزدوروں کے حقوق اور مسائل کو اپنے منشور کا حصہ بنائیں۔این ایل ایف سے وابستہ مزدور امانتدار ٗاہل اور صاف ستھری شخصیت کے حامل امیدواروں کاانتخاب کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودیؒ بلڈنگ میں نیشنل لیبر فیڈریشن راولپنڈی ڈویژن کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار بعنوان2018ء کے انتخابات میں مزدوروں کا کردار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن پنجاب کے صدر ملک عبدالعزیز ٗ ڈویژنل صدر محمد ایوب خان ٗاسلام آباد کے صدر ڈاکٹر تہذیب الحسن ٗریلوے پریم یونین کے نوید بنگش ٗجے آئی لیبر ونگ کے عبدالمجید عباسی ٗ سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی ملک محمد اعظم اور امیر جماعت اسلامی پی پی 12 رضا محمد چودھری و دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ رانا محمود علی خان نے کہا کہ مزدور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ وطن عزیز پاکستان کے استحکام اور ترقی و خوشحالی کے سلسلے میں محنت کش طبقے کی جدوجہد اور قربانیاں لائق تحسین ہیں ۔ مزدوروں نے ہر دور میں اپنے بچوں کا پیٹ کاٹ کر ملکی معیشت کو توانائی بخشی ہے۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ ماضی میں مزدوروں کا استیصال کیا گیا۔ حکمرانوں نے اقتدار کے ایوانوں تک پہنچنے کے لیے مزدوروں کو سیڑھی کے طور پر استعمال کیا ہے۔ نیشنل لیبر فیڈریشن نے مزدوروں کے حقوق اور مسائل کے حوالے سے ہر دور میں جدوجہد کی ہے ۔ ملک عبدالعزیز نے کہا کہ مزدوروں کے حقوق کے نعرے لگانے والوں نے ہی سب سے زیادہ مزدور کُش پالیسیاں بنائیں۔مزدور آنے والے انتخابات میں اچھی شہرت رکھنے والے امیدواروں کو ہی ووٹ دیں۔