راولپنڈی‘ مدرسے کو گرانے کی کوشش ناقابل برداشت ہے‘علما

285

راولپنڈی (صباح نیوز)کمیٹی چوک مدرسہ کو گرانے کی کوشش کی گئی تو اسے قندوز مدرسے پر حملے کا تسلسل قرار دیا جائے گا، ہم سے پرویز مشرف مدرسہ خالی نہیں کرا سکا تو کسی اور کو بھی یہ جرات نہیں ہو سکے گی۔ ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس العربیہ کے ناظم پنجاب مولانا قاضی عبدالرشید، ظہور احمد،قاری عبدالرحمن ودیگر علما نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی چوک مدرسہ تنہا نہیں یہ وفاق المدارس کے 20 ہزار مدارس کا حصہ ہے،26 برس سے قائم مدرسے کو گرانے اور طلبہ کو بیدخل کرنے کی کسی صورت میں اجازت نہیں دی جائے گی،مولانا قاری عبدالرحمن نے اپنے ذاتی مصارف سے مدرسہ تعمیر کرایا ہے،مدرسے کو گرانے کی کوشش حالات خراب کرنے کا باعث بنے گی،اگر مسئلہ افہام و تفہیم اور مذاکرات سے حل نہ ہوا تو پرامن احتجاج پر مجبور ہوں گے،مذکورہ جگہ پر 5 کنال سے زائد اراضی مسجد کے لیے مختص ہے جس پر قبضہ مافیا نے قبضہ کر رکھا ہے، حکومت اس مقبوضہ جگہ کو بھی واگزار کرا کر مسجد کی تعمیر کرائے۔