نیب کا سعد رفیق سراج درانی سمیت اہم شخصیات کیخلاف کرپشن کی تحقیقات کا فیصلہ

364

اسلام آباد/ لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک+ نمائندہ جسارت)قومی احتساب بیورو وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سمیت اہم شخصیات کے خلاف حرکت میں آگیا۔تفصیلات کے مطابق خواجہ سعد رفیق پر لوکوموٹو (ریل کے انجنز) کی مرمت کرنے والی مشینوں کی خریداری میں وسائل کے بے دریغ استعمال اور لاہور میں ریلوے کی قیمتی اراضی قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لیز پر دینے کی شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا گیا ہے جبکہ قومی احتساب بیورو کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثوں اور سیکرٹری سندھ اسمبلی غلام عمر فاروق کے ہمراہ سندھ اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر میں غیر قانونی تقرر کی شکایات کی جانچ پڑتال کا حکم بھی دے دیا گیاہے ۔ نیب کی طرف سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے سابق سربراہ منظور قادر اور سابق سیکرٹری لینڈ یوٹیلائزیشن سندھ شاہ زر شمعون کو وطن واپس لانے کے لیے انٹرپول کو خطوط لکھنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈی جی نیب پنجاب نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ خواجہ سعد رفیق کی پراپرٹی کے لین دین میں شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔علاوہ ازیں نیب نے الیکشن کمیشن سے سابق صدر پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی کا ریکارڈ طلب بھی کرلیا ہے۔ الیکشن کمیشن پرویز مشرف کے2013 ء میں جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کا ریکارڈ دے گا، نیب کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس کی تحقیقات کے لیے پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی درکار ہیں۔مزید برآں نیب عدالت نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین آصف ہاشمی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ہے، نیب لاہور نے آصف ہاشمی کو گزشتہ روز نیب عدالت میں پیش کیا جہاں ان کیخلاف دائر ریفرنس کی سماعت کی گئی،نیب افسران نے آصف ہاشمی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔دریں اثناء نیب لاہور میں آف شور کمپنیوں کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ نیب نے محکمہ ایکسائز پنجاب سے رہنما ق لیگ چودھری مونس الہٰی اور ان کی اہلیہ کے نام پرگاڑیوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔محکمہ ایکسائز کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق چودھری مونس الہٰی اور ان کی اہلیہ کے نام پر صرف ایک گاڑی رجسٹرڈ ہے۔