مشرف اور آصف زرداری کوبھی اپنے کیے کاحساب دینا چاہیے

135

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے لاپتا افراد کمیشن کے سربراہ جسٹس(ر)جاوید اقبال کے طرف سے پرویز مشرف دور میں 4ہزار پاکستانیوں کو ڈالروں کے عوض دوسرے ملکوں کے حوالے کیے جانے کے انکشاف پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ جسٹس (ر) جاوید اقبال کے انکشاف کے بعد ہمارے حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہییں ،سابق ڈکٹیٹر جنرل پرویز مشرف کو قومی مجرم قرار دے کر انہیں پاکستان واپس لاکرعدالت کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ احتساب سب کا اور بلا امتیاز ہونا چاہیے۔ جنرل پرویز مشرف اور آصف علی زرداری کوبھی اپنے کیے کاحساب دینا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ جنرل پرویز مشرف کے جرائم کی لسٹ خاصی طویل ہے، انہوں نے امریکی ڈالروں کے عوض ملکی سلامتی وخود مختاری کا سودا کیا۔ سابق ڈکٹیٹرنے اپنی کتاب میں بھی اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے ہزاروں پاکستانیوں کو امریکا اور دوسرے ملکوں کے حوالے کیا۔ اس وقت وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیرپاؤ تھے۔ پارلیمنٹ کو یہ پوچھنا چاہیے کہ آخر قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی سمیت ہزاروں پاکستانیوں کو کس قانون کے تحت غیر ملکیوں کے حوالے کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ جنرل پرویز مشرف نے دوبارہ آئین کو توڑا اور ان پر غداری کا مقدمہ درج ہے۔ انہیں قانون وانصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے پاکستان میں لاکر احتسابی عمل سے گزارنا چاہیے وگرنہ احتساب ایک مذاق بن کر رہ جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو بھی امریکی جیل سے چھڑا کر جلد پاکستان واپس لائے اور دیگر لاپتا پاکستانیوں کا معاملہ بھی حل کیا جائے۔