سندھ یونیورسٹی میں اردو زبان پر پابندی لگادی گئی

703
اردو پر پابندی کیلیے جاری کیے گئے لیٹر کا عکس
اردو پر پابندی کیلیے جاری کیے گئے لیٹر کا عکس

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) سندھ یونیورسٹی میں سندھی اور انگریزی کے علاوہ کسی بھی زبان میں بات چیت اور خط و کتابت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اس ضمن میں سندھ یونیورسٹی جامشورو کے وائس چانسلر کے حکم سے رجسٹرار ساجد قیوم میمن نے اپنے دستخط سے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔نوٹیفکیشن پر تاریخ 17 اپریل لکھی ہے۔ جس میں لکھا ہے کہ تمام متعلقہ افراد یونیورسٹی کے جامشورو سمیت تمام کیمپس میں صرف سندھی اور انگریزی زبان کا استعمال کریں۔ یہ نوٹیفکیشن بھی انگریزی اور سندھی زبان میں جاری کیا گیا ہے۔ یہ نوٹیفکیشن آئین کی 18 ویں ترمیم کے تحت سندھ میں یونیورسٹیز ایکٹ میں ترمیم کے بعد پہلا قدم ہے۔ اس نوٹیفکیشن جس سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ صوبے کی سرکاری یونیورسٹی میں ملک کی قومی زبان پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے بعد سندھ یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے اردو مکمل غائب کردی گئی اور تمام تفصیلات صرف سندھی اور انگریزی زبان میں کردیں گئیں۔ خدشہ ہے کہ جامعہ سندھ کے اس فیصلے کا شدید اور منفی ردعمل سامنے آئے گا۔