ملک دشمن بیرونی قوتیں پاکستان کیخلاف سازشیں کررہی ہیں، میاں مقصود

114

لاہور (وقائع نگار خصوصی) صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ پاکستان کے عوام سیکولر پارٹیوں سے تنگ آچکے ہیں اوروہ آئندہ انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کو بھرپور کامیابی دلوائیں گے۔ دینی جماعتوں کا اتحاد خیبر پختونخوا، کراچی، حیدر آباد اور صوبہ پنجاب سمیت ملک بھر میں نمایاں کامیابی حاصل کرے گا۔ پانامالیکس،دبئی لیکس،ملکی قرضے معاف کرانے والوں اور نیب کے پاس میگااسکینڈلز میں جماعت اسلامی یاکسی بھی دینی جماعت کے کسی فرد کا نام شامل نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ آئندہ الیکشن کے لیے جماعت اسلامی کی ہر سطح کی قیادت کو عوام کے ساتھ اپنا رشتہ مضبوط کرنا ہوگا۔عام لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لیے ہمیں اپنا کردار اداکرنا چاہیے۔ جماعت اسلامی قیام پاکستان سے ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان چاروں طرف سے خطرات میں گھرا ہوا ہے۔ ملک دشمن بیرونی قوتیں پاکستان کے خلاف سازشیں کررہی ہیں۔پاکستان میں عدلیہ اور دیگر اداروں کی مضبوطی سے ملک دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پانامالیکس پر دوٹوک اور جاندار فیصلہ آیا ہے۔ پوری قوم عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ جماعت اسلامی نے عدلیہ کی بحالی کی تحریک میں نمایاں کردار اداکیا تھا۔اب بھی ہم سمجھتے ہیں کہ عدلیہ کے ادارے کو مستحکم کرنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل کرجدوجہد کرنی چاہیے۔ میاں مقصود احمدنے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ اپنے مثبت کردار کو ادا کرتے ہوئے عوامی ایشوز کو اجاگر کیا ہے۔جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہے۔ ہم ملک میں موجودتمام کرپٹ عناصر کا احتساب چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر الیکشن کمیشن 62 اور 63 کے حوالے سے اپنی آئینی ذمے داری پہلے ادا کرتا تو آج ملک میں سیاسی افراتفری کا عالم نہ ہوتا۔ موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی موروثیت سے پاک جماعت ہے۔ ہمارے مختلف ادوار میں کامیاب ہوکر اسمبلیوں میں جانے والے افراد کا دامن صاف ستھرا ہے۔ ہمارے نمائندوں نے ذات پات سے بالاترہوکر ملک وقوم کی فلاح وبہبود کے لیے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے کام کیا جائے۔ موجودہ حکمرانوں نے لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کیا۔ عوام کے مسائل جوں کے توں ہی ہیں۔