ڈی ایس راولپنڈی کیخلاف نیب میں مقدمہ کریں گے، ریلوے پریم یونین

126

راولپنڈی (جسارت نیوز) امریکا سے خریدے گئے انجنوں میں ڈی ایس ریلوے راولپنڈی کو ریلوے انجنوں کی خریداری میں مکینیکل سینئر آفیسر کو نظر انداز کرکے گریڈ18کے جونیئر افسر کو ریلوے انجنوں کی خریداری کے لیے امریکا کیوں بھیجا گیا عبدالمالک کا نام ای سی ایل میں ڈالاجائے پریم یونین( سی بی اے) ڈی ایس راولپنڈی کی کرپشن کے خلاف نیب میں کیس دائر کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار پریم یونین( سی بی اے) راولپنڈی ڈویژنل کے صدر ڈاکٹر اشتیاق عرفان نے لوکو شیڈ اور سی ڈی ایل ورکشاپ میں مزدروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر اشتیاق عرفان نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اپنے وزارت کے دور میں ریلوے کے ایماندار افسران کا چناؤ کیا، مزدوروں اور ان کی دن رات محنت کی وجہ سے ریلوے کی آمدن50ارب روپے تک پہنچائی لیکن یہ بات سمجھ سے بالا تر ہے کہ ریلوے میں جونیئر کرپٹ چاپلوس افسران کو اہم عہدوں پر کیوں تعینات کیا گیا۔ سابق ڈی ایس منور خان کے وقت راولپنڈی ڈویژن نے ریکارڈ ریونیو کمایا اور کرپشن کو صفر تک پہنچایا ڈی ایس راولپنڈی عبدالمالک جو انتہائی چاپلوسی کی وجہ سے ڈی ایس لگنے میں کامیاب ہو گیا اور راولپنڈی ڈویژن میں کرپشن کا دور شروع ہو گیا۔ڈاکٹر اشتیاق عرفان نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ ترنول ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن اور گولڑہ ریلوے اسٹیشن کی دیواروں اور راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کی دیواروں کے ٹھیکوں میں کی جانے والی کرپشن کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور وہ افسران جو انجنوں کی خریداری میں ملوث ہیں ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے تاکہ وہ فرار ہونے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ پریم یونین سی بی اے ڈی ایس راولپنڈی کی کرپشن کے خلاف نیب میں کیس دائر کرے گی۔