پاکستان علامہ اقبال کے خواب کی تعبیرہے،شمس الرحمن سواتی 

122

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیرجماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ علامہ اقبال نے برصغیرکے مسلمانو ں کوموچی دروازے کے جلسہ میں عمل پرابھاراتواس خواب کی تعبیرکی صورت دنیا کے نقشے پر پاکستان جیسی اسلامی ریاست وجو د میں آئی لیکن قائداعظم کی رحلت کے بعد کھوٹے سکوں نے عوام پر محرومیاں مسلط کرتے ہوئے مفکرپاکستان کے خواب کو خاک میں ملادیا، اسلامی وفلاحی ریاست کے قیام کے لیے نوجوان، سینیٹرسراج الحق اور مذہبی قوتو ں کا ساتھ دیں، 12مئی کولیاقت باغ میں شام 5بجے خطہ پوٹھوہار کے نوجوانوں کا تاریخی یوتھ کنونشن منعقد کریں گے جس میں امیرجماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق مہمان خصوصی ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوتھ کنونشن کی تیاریوں کے سلسلے میں ضلع بھرکے تحصیل وزونل امرا اور جے آئی یوتھ کے صدورکے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرمفکرپاکستان علامہ محمداقبال کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔ اجلاس میں ضلعی جنرل سیکرٹری ظفرالحسن جوئیہ ایڈووکیٹ،نائب امرا ضلع امتیازعلی اسلم، راجا محمد جواد، ضلعی صدرجے آئی یوتھ سردارتفہیم اعظم، اصغر مہمندسمیت دیگرذمے داران بھی شریک تھے۔ شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ علامہ اقبال ایک نظریاتی شخصیت تھے جنہوں نے برصغیرکے عوام میں بیداری کی لہراورعزم پیداکیا ان کی شاعری پاکستان کے نوجوانوں کوبھی ازسرنو پرعزم کرسکتی ہے۔ الیکٹرانک میڈیا اور حکمرانوں نے اپنے محسنوں کو ہمیشہ نظر انداز کرتے ہوئے ہندوستان اور مغربی کلچر کو پروان چڑھانے میں توجہ مرکوز رکھی۔ میڈیا کے پاس ہندوستانی شوبزکے لیے وقت ہے لیکن شاعرمشرق کی خدمات اجاگر کرناا ن کے ایجنڈے میں شامل نہیں۔