پاکستانی معیشت پر عالمی رپورٹ تشویشناک ہے، غلام عباس

106

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے رہنماؤں غلام عباس خان، انجینئر عظیم رندھاوا، رانا وسیم احمد، محبوب الزماں بٹ اور رائے اکرم کھرل نے پاکستانی معیشت کے بارے میں عالمی مالیاتی اداروں کی تازہ رپورٹ کو ملک کی معاشی صورت حال کے لیے تشویش ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے بیرونی زرمبادلہ کے ذخائر انتہائی کم سطح پر آچکے ہیں۔ ادائیگیوں کے توازن کو بھی اہم خطرات ہیں، ٹیکسوں کے نظام میں بہتری نہ لائی گئی تو صورت حال خراب ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی نظام جو سود پر چل رہا ہے اوراس نے دنیا کی بڑی بڑی معیشتوں کو اپنی گرفت میں لے کر دیوالیہ کردیا ہے۔ بجلی و گیس کے بحران اور ٹیکسوں کی بھرمار کے باعث پاکستان کی 70 فیصد انڈسٹری دنیا میں مقابلے کی ہمت کھو بیٹھی ہے۔ سرمایہ دار خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہوئے بیرون ملک کا رخ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ آئی ایم ایف کے حکم کے بجائے اپنے ایکسپورٹرز کی رائے کا احترام کریں اور ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کو بھارت اور بنگلا دیش کے صنعت کاروں کے برابر مراعات دینے کا اعلان کریں تاکہ پاکستان کی ڈوبتی ہوئی معیشت کو سہارا مل سکے۔