سولہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی، حافظ عمیر فاروق 

56

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 62 کے امیر حافظ عمیر فاروق، جنرل سیکرٹری رانا عدنان خاں، مولوی صادق علی اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ ہر جانب سے بلند ہورہاہے لیکن موجودہ اور سابقہ حکمرانوں نے ووٹ دینے والوں کو کوئی عزت و احترام نہیں دیا ہے۔ متحدہ مجلس عمل اسٹیٹس کو کا نعم البدل ہے۔ عوام سے ووٹ لے کر اقتدار کے منصب پر براجمان حکمران طبقے نے قوم کو رسوا کیا۔ حکمرانوں کے بینک بیلنس، جائدادوں، کاروبار میں بے تحاشا اضافہ ہوا جبکہ مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت، پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی، بجلی کی لوڈشیڈنگ محب وطن ووٹر زکے حصے میں آئی۔ رہنماؤں نے کہاکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے دعوے دار حکمرانوں کے تمام دعوے ہوا میں اڑ گئے ہیں، سولہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔