کراچی (رپورٹ : محمد انور )وزیراعلیٰ سندھ نے پانی کی قلت سے دوچار علاقوں میں ٹینکروں کے ذریعے پانی کی فراہمی کی ذمے داری متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے حوالے کردی ہے ۔ یہ ہدایت انہوں نے اتوار کو اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی ۔ وزیراعلیٰ نے شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت کا جائزہ لیا ۔ اجلاس کو بتایا گیا ہے کہ شہر میں ان دنوں ضرورت کے مقابلے میں 516 ملین گیلن پانی کم مل رہا ہے جس کی وجہ سے کراچی کے مختلف علاقوں خصوصاََ ضلع ویسٹ میں پانی کی قلت نوٹ کی گئی ہے۔ یادرہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا دعویٰ ہے کہ دریائے سندھ سے 450 ملین گیلن اور حب ڈیم 30ملین گیلن یومیہ پانی مل رہا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ ضلع غربی میں مختلف مقامات پر بنائی گئی پانی کی ٹنکیوں تک بھی ٹینکروں کے ذریعے پانی پہنچایا جائے ۔ جہاں سے لوگ پانی
حاصل کرسکیں گے ۔ اجلاس کو بتایا کہ اورنگی کے مختلف علاقوں میں 70ٹنکیاں موجود ہیں جبکہ مزید 80 واٹر ٹنکیوں کی ضرورت ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ جلد سے جلد فائبر کی ٹنکیاں خریدکر علاقوں میں لگائی جائیں تاکہ لوگوں کو آسانی سے پانی مل سکے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کو وزیراعلیٰ نے بتایا ہے کہ مردم شماری کے مطابق کراچی کی آبادی ایک کروڑ 60 لاکھ ہے ۔ جس پر واٹر بورڈ کے انجینئر نے بتایا ہے کہ اس تناسب سے بھی شہر میں یومیہ 516 ملین گیلن کی کمی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے حکام کو ہدایت کی کہ شہریوں کی پانی کی ضرروریات کسی بھی صورت میں پوری ہونی چاہیے۔