قومی ادارہ برائے امراض قلب: پاکستان میں پہلی مرتبہ دل کی پیوند کاری کا آغاز بہت جلد ہو جائے گا

583
پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق گول کیپر منصور احمد پاکستان میں پہلے مریض ہوں گے جن کی قومی ادارہ برائے امراض قلب میں دل کی پیوند کاری کی جائے گی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ادارہ برائے امراضِ قلب کے ترجمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کے سابق گول کیپر منصور احمد دل کے فیل ہو جانے والے عارضے میں مبتلا ہونے کے باعث این آئی سی وی ڈی میں زیر علاج ہیں جہاں ان کو بہترین دیکھ بھال اور مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ امراضِ قلب کے ماہر سرجن ڈاکٹر پرویز چوہدری کے مطابق ان کی طبیعت بہت بہتر ہے اور عن قریب ان کو این آئی سی وی ڈی کے ہارٹ فیلیور پروگرام کے تحت لیفٹ وینٹریکیولر اسسٹ ڈیوائس (ایل وی اے ڈی) لگائی جائے گی جس کی بدولت ان کا دل بہتر کام کرنے لگے گا۔ بعد ازاں ان کے دل کی پیوند کاری بھی کی جائے گی اور منصور احمد قومی ادارہ برائے امراضِ قلب کے پہلے مریض ہوں گے جن کا ہارٹ ٹرانسپلانٹ کیا جائے گا۔ اس سرجری کے بعد این آئی سی وی ڈی کو پہلی مرتبہ دل کی پیوند کاری کی سہولت کا آغاز کرنے کا بھی اعزاز حاصل ہوجائے گا۔ منصور احمد علاج کے لیے قطعی بھارت جانے کا ارادہ نہیں رکھتے جب کہ بہترین علاج ان کو پاکستان میں میسر ہو سکتا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ این آئی سی وی ڈی میں دل کی پیوند کاری کی سہولت کے آغاز کے بعد کسی بھی پاکستانی کو بیرونِ ملک جانے کی تکلیف اور بھاری اخراجات برداشت کرنے کی ضروت پیش نہیں آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ این آئی سی وی ڈی بین الاقوامی معیار کو اپناتے ہوئے مریضوں کو جدید اور معیاری خدمات فراہم کرنے کے لیے دن رات کاوشیں کر رہا ہے اور ان سہولتوں سے نہ صرف صوبہ سندھ بلکہ پورے ملک سمیت بیرونِ ملک کے مریض بھی مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کے بہت سارے منصوبے پائپ لائن میں ہیں جن کی تکمیل کے بعد مریضوں کو علاج کی سہولتوں میں مزید آسانیاں میسر ہوں گی، ان سارے منصوبوںکو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے حکومتِ سندھ کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔