حکمرانوں کا حساب شروع ہوچکا،اسلامی انقلاب ملک کامقدر ہے،مقصود احمد

137

لاہور(وقائع نگار خصوصی) صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب اورامیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ آنے والے انتخابات میں پاکستان کے عوام متحدہ مجلس عمل کو کامیاب کرائیں گے۔موجودہ حکمران پاکستان کو سیکولرریاست بناناچاہتے ہیں۔ امریکا کی مرضی پر عمل کرتے ہوئے توہین رسالتؐ کے ملزمان کوتحفظ دیتے ہیں اور ممتازقادری ؒ جیسے عاشق رسولؐ کو پھانسی دیتے ہیں،ان حکمرانوں کایوم حساب شروع ہوچکا ہے۔ ان شاء اللہ ایک بابرکت اسلامی انقلاب اس ملک کا مقدربنے گا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے لاہور میں مختلف عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ہماری بدقسمتی ہے کہ جتنی بھی سیاسی جماعتیں ہیں یہ بظاہرجمہوریت اور اسلام کانام لیتی ہیں لیکن کئی کئی بار حکومتوں میں موقع ملنے کے باوجودانہوں نے ہی سب سے زیادہ ملک کے اسلامی تشخص پروارکیاہے،نہ انہوں نے خوداسلامی نظام حیات کو اختیارکیاہے اور نہ ہی آئین اور قانون کے مطابق اسلام کو اس ملک کاقانون بنایا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اسلام کے نام پربنا اور لاکھوں مسلمانوں نے اس کو حاصل کرنے کے لیے قربانیاں دیں۔لوگوں نے اس خطے کو اسلام کاقلعہ بنانے کیلیے جائدادیں چھوڑدیں،رشتہ داریاں چھوڑدیں،تن کے کپڑے لے کراس ملک میں آگئے مگربدقسمتی سے مٹھی بھر اشرافیہ نے مل کران کے جذبوں کو مجروح کیاہے،ان کی قربانیوں کامذاق اڑایاہے جس کاآج ہم خمیازہ بھگت رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس وقت قوم کواتحادکی ضرورت ہے،ہمارابڑا دشمن ہمارے بالکل سر پر کھڑاہے،اور اللہ ہمیں روزدکھارہاہے کہ تمہارے مسلمان بھائی محض گائے کاگوشت کھانے کے شبہ میں قتل ہورہے ہیں توپاکستانیو جاگ جاؤ،تمہیں میں نے کتنا بڑاخطہ عطا کیا ہے لیکن تم سے اس کی ناقدری ہورہی ہے۔حکمرانوں کی کاسہ لیسی سے یہ بات بالکل واضح ہوگئی ہے کہ موجودہ حکمران ہوں یاماضی کے حکمران ہوں یاجوخودکو اسٹینڈبائی وزیراعظم سمجھتے ہیں ،یہ عالمی صیہونیت اور امریکی گٹھ جوڑ کے آگے گھٹنے ٹیک چکے ہیں۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ ان شاء اللہ متحدہ مجلس عمل کی قیادت اس صیہونیت اور امریکی گٹھ جوڑکے سامنے کھڑی ہوگی ۔اس وقت پاکستان کو ایک باکرداراور جرات مندقیادت کی ضرورت ہے،جوصرف قرآن وسنت کی بنیادپرہی ممکن ہو سکتی ہے ۔ جوبھی پروپیگنڈا دینی جماعتوں کے بارے میں کیاجاتاہے یہ بھی استعمار کا ایجنڈاہے تاکہ دینی شخصیات کوبدنام کرکے لوگوں کو دین سے متنفرکیاجائے لیکن ان شاء اللہ ان کی یہ کوششیں ناکام ہوں گی۔