اسٹیٹس کو توڑے بغیرملک میں تبدیلی نہیںآسکتی ،عنایت اللہ خان 

166

پشاور (وقائع نگار خصوصی) سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا و پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ دیر بالا کو ترقی یافتہ اور خوبصورت بنانے کے لیے دس سالہ ویژنری پروگرام دیا ہے ۔ گزشتہ پانچ برسوں میں دیر بالا میں اسکولز ، کالجز ،یونیورسٹی ،ایریگیشن چینلز ، لنکس روڈز ، فلڈ پروٹیکشن ورکس اور اربوں روپے کے دیگر میگا پروجیکٹس شروع کیے ہیں ۔ آئندہ انتخابات میں کامیاب ہوکر ان ترقیاتی کاموں کو تسلسل دیں گے اور دیر کو نہ صرف ترقی یافتہ بنائیں گے بلکہ سیاحت کے حوالے سے ایک خوبصورت وادی بنائیں گے ۔ دیر کے عوام علاقے کی ترقی کے لیے 2018 ء کے انتخابات میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ عوام کو مایوس نہیں کریں گے ۔ملک وقوم کو درپیش مسائل سے نجات دلانے کے لیے محب وطن قیادت کی ضرورت ہے۔اس وقت جماعت اسلامی ہی ملک کے مسائل حل اورقوم کو کرپشن سے پاک اہل اور دیانتدار قیادت فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔وہ دیر بالا میں مختلف شمولیتی اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے ۔ سینئر وزیر عنایت اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ انتخابات میں صوبہ خیبرپختونخوا کے طول و عرض میں جماعت اسلامی کو نمائندگی ملی ہے اور جماعت اسلامی صوبہ خیبرپختونخوا کی دوسری بڑی سیاسی قوت بنے گی ۔ملک میں جاگیردارو سرمایہ دار چند خاندان سیاست اور حکومت پر قابض ہے جب تک اسٹیٹس کو توڑا نہیں جائے گاملک میں تبدیلی نہیںآسکتی ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے سیاست میں خدمت کی بنیاد ڈالی ہے اور خدمت کے میدان میں کوئی پارٹی جماعت اسلامی کا مقابلہ نہیں کر سکتی ۔بلاشبہ جماعت اسلامی اس ملک کی سب سے منظم اور موروثیت سے پاک جماعت ہے جس میں بے داغ،پڑھی لکھی اور محب وطن قیادت موجود ہے اور وہ عوام کے مسائل کو حل کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔عوام دیکھ لیں گے کہ ان کی ترقی اور خوشحالی کا پروگرام صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے اور ہمارے پاس قیادت بھی دیانت دار ہے۔ہم قوم کی ایک ایک پائی کو ماانت سمجھتے ہیں۔قوم جماعت اسلامی کی قیادت کو جانتی ہے اور اس تک ہر شخص کی رسائی بھی ہے۔نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔