بہت ہوگیا ،چیف جسٹس کے پاس ہمیں طعنے دینے کا اختیا ر نہیں ،احسن اقبال

191
بہت ہوگیا ،چیف جسٹس کے پاس ہمیں طعنے دینے کا اختیا ر نہیں ،احسن اقبال
بہت ہوگیا ،چیف جسٹس کے پاس ہمیں طعنے دینے کا اختیا ر نہیں ،احسن اقبال

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہاہے کہ ہماری بھی اتنی ہی عزت ہے جتنی کسی جج یا فوجی کی ہے ، بس اب بہت ہوگیا چیف جسٹس صاحب، آپ کے پاس طعنے اورگالیاں دینے کا اختیار نہیں ہے۔اسلام آباد میں سی پیک کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ و منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سیاستدان کیا بھارت اور بنگلا دیش سے بھی گئے گزرے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہماری بھی عزت ہے،جتنا کوئی فوجی محب وطن ہے اتنے سیاستدان بھی ہیں، اگر کوئی جج محب وطن ہے تو سیاستدان بھی محب وطن ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ اگر چیف جسٹس کی توہین ہوتی ہے تو میری بھی توہین ہوتی ہے، اگر میں نے کسی کو غلط لگادیا تو ثبوت دیں توہین نہ کریں، چیف جسٹس کو گالیاں دینے کا اختیار نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے الزام لگایا کہ تقرر میں احسن اقبال کا ہاتھ ہے، چیف جسٹس کے پاس اگر ثبوت ہیں تو چارج شیٹ جاری کریں۔ ، ہم نے ہمیشہ باعزت طریقے سے سیاست کی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ چیف جسٹس شاباش نہیں دے سکتے تو آپ کو حق نہیں کہ تعزیے برسائیں، ججز، جرنیل، سیاستدانوں اور میڈیا کی ذمے داری ہے کہ آگ لگانے کے بجائے ملکر ملک کی خدمت کریں ۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دنیا کے تمام ممالک سی پیک میں سرمایہ کاری کا سوچ رہے ہیں،امریکا اور یورپ سب سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ آج چین کے تعاون سے گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی آف ایشیا بننے جا رہا ہے جو ہانگ کانگ اور سنگاپور جیسی بندرگاہوں کو بھی پیچھے چھوڑ دے گا اور وسط ایشیا، افریقہ اور یورپی منڈیوں تک رسائی فراہم کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے معاشی ترقی کے 2 کیچ چھوڑ دیے، 60ء کی دہائی میں ترقی کا سفر روک دیا گیا اور 90ء کی دہائی میں معاشی اصلاحات کا سفر روک دیا گیا۔