اسحق ڈار اثاثہ ریفرنس: استغاثہ گواہ کا ضمنی بیان ریفرنس ریکارڈ کا حصہ بنادیا گیا

118

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) احتساب عدالت میں سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہ محمد عظیم کے مرکزی ریفرنس میں قلمبند کرائے گئے بیان کو ہی ضمنی ریفرنس میں بھی ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا۔واضح رہے کہ نیب کی جانب سے 26 فروری 2018 کو دائر کیے گئے اثاثہ جات ضمنی ریفرنس میں نیشنل بینک کے سابق صدر سعید احمد، نعیم محمود اور منصور رضا رضوی کو بطور شریک ملزمان نامزد کیا گیا تھا۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے گزشتہ روز اسحق ڈار کے خلاف ضمنی ریفرنس پر سماعت کی۔سماعت کے دوران ضمنی ریفرنس میں نامزد ملزمان نعیم محمود اور منصور رضا عدالت میں پیش ہوئے۔ احتساب عدالت میں استغاثہ کے گواہ عبدالرحمن گوندل کا بیان قلمبند کیا گیا۔دوسری جانب گواہ محمد عظیم کے مرکزی ریفرنس میں قلمبند کرائے گئے بیان کو ہی ضمنی ریفرنس میں بھی ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا۔بعدازاں کیس کی سماعت 2 مئی تک ملتوی کردی گئی۔