زرعی یونیورسٹی فارمیسی ڈگری کو فی الفورمتعلقہ ادارے سے منظورکروایاجائے

168

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ زرعی یونیورسٹی کے ناظم فاروق اعظم،جنرل سیکرٹری محموداحمد،ناظم کیمپس شفقت نور،انچارج ایڈمن عثمان غنی،فیض میر، حافظ افرازاوردیگرنے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ زرعی یونیورسٹی فارمیسی ڈگری کو فی الفورمتعلقہ ادارے سے منظورکروایا جائے صورت طلبہ کا مستقبل تباہ ہونے کااندیشہ ہے ۔ رہنماؤں نے کہاکہ یونیورسٹی انتظامیہ نے پاکستان فارمیسی کونسل کی منظوری کے بغیر ہی طلبہ کو ڈگری جاری کردی جسے تسلیم نہیں کیا جا رہا ۔ 2013ء میں طلبہ کو داخلہ دیتے وقت کہا گیا تھا کہ فارمیسی کونسل کی تمام شرائط کو پورا کیا جائے گا مگر ایسا نہیں کیا گیا۔اب تک فیکلٹی میں لیبارٹری اور لائبریری بھی نہیں بن سکی۔ پہلے سال فی سمسٹر 49 ہزار 500 روپے اور بعدازاں 52ہزار روپے فی سمسٹر وصول کرنے کے باوجود یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبہ ڈگری کے نام پر کاغذ کا ٹکڑا تھما دیا ہے۔جسے کوئی ادارہ بھی تسلیم کرنے کو تیارنہیں ہے ۔زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ڈی فارمیسی کے طلبہ کا مستقبل تباہ کرنے پر تل گئی‘ڈگری پروگرام شروع کرنے سے پہلے فارمیسی کونسل سے این او سی نہیں لیا‘ فارمیسی کونسل کے تحفظات دور نہ کرنے کی وجہ سے یونیورسٹی انتظامیہ نے سینکڑوں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگا دیا ہے۔ ا نہوں نے گورنر اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ یونیورسٹی کے طلبہ وطالبات کے ساتھ ہونے والی دھوکا دہی کا نوٹس لیا جائے بصورت دیگر متاثرہ طلبہ عدالت عظمیٰ سے رجوع کریں گے۔