متحدہ مجلس عمل ضلع اٹک کے انتخابات مکمل،علامہ رفاقت علی حقانی صدر منتخب

173

اٹک (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل ضلع اٹک کے انتخابات مکمل ، اتفاق رائے سے جمعیت علمائے پاکستان کے علامہ رفاقت علی حقانی ضلعی صدراورجماعت اسلامی ضلع اٹک کے نائب امیر ضلع اقبال خان ضلعی سیکرٹری جنرل منتخب ہو گئے۔ اسی طرح جمعیت اہل حدیث کے حافظ عبد الباسط مدنی نائب صدر اول ،جمعیت علمائے اسلام ضلع اٹک کے امیر مولانا شیر زمان ،اسلامی تحریک کے سید خادم حسین کربلائی ،جماعت اسلامی کے حافظ جابر علی خان کو نائب صدور ضلع اٹک ، جبکہ علامہ نیاز حسین اعوان جے یو پی ، مولانا احمد علی رضوی اسلامی تحریک ، جمعیت علمائے اسلام اور جمعیت اہل حدیث کے قاری امیر نواز غازی ڈپٹی سیکرٹریز ، اسلامی تحریک کے سید شہزاد الحسن سیکرٹری مالیات اور جے یو پی کے قاری حافظ محمد یاسر اعوان سیکرٹری اطلاعات ایم ایم ضلع اٹک منتخب ہوئے۔ گزشتہ روز ایم ایم کے ڈویژنل آرگنائزر جماعت اسلامی پوٹھوہار کے امیر شمس الرحمن سواتی کی سربراہی میں ڈویژنل کمیٹی نے ضلع اٹک کا دورہ کیا، جے یو پی، جماعت اسلامی، جمعیت اہل حدیث اور اسلامی تحریک کے ضلعی عہدیداران کا اجلاس ہوا۔ تمام جماعتوں کی طرف سے چار چار افراد پر مشتمل وفد نے شرکت کی اور اتفاق رائے سے ایم ایم اے ضلع اٹک کی باڈی کا اعلان شمس الرحمن سواتی نے پریس کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہاکہ متحدہ مجلس عمل دینی سیاسی جماعتوں کا اتحاد ہے ماضی میں اتحاد کی برکت سے دو صوبوں میں حکومت بنی، ان شاء اللہ ملک میں انقلاب لائیں گے، 70برس گزر گئے جاگیرداروں ،سرمایہ داروں، بیوروکریٹس اور انگریزوں کے پروردہ گروہ باری باری اقتدار پر قابض رہا لیکن افسوس کا مقام جن مقاصد کی خاطر پاکستان حاصل کیا گیا ان کا حصول ممکن نہ ہوا 93فیصد عوام ملک میں اسلامی نظام چاہتی ہے متوسط اور با صلاحیت نوجوانوں کو پارلیمنٹ میں بھیجیں گے۔ شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ ملک اس وقت مسائلستان بنا ہوا ہے، خارجی اور داخلی مسائل کیساتھ معاشی ،اقتصادی،مہنگائی ،بے روز گاری ،صحت اور صاف پانی کی عد م دستیابی جیسے مسائل نے ملک کو جکڑرکھا ہے۔ ظلم ، نا انصافی ،غربت ،عدل و انصاف کی عدم دستیابی نے عوام کو بے حال کر رکھا ہے حالیہ سروے کے مطابق 93فیصد عوام نے اسلامی نظام کے حق میں رائے دی اور اپنے مسائل کا حل اسلامی نظام کے عملی نفاذ کو قراد دیا۔ ایم ایم اے ان شاء اللہ اسلامی نظام نافذ کر کے خوشحال پاکستان اور مستحکم پاکستان بنائے گی۔