محکمہ موسمیات نے مئی اور جون میں ہیٹ ویو کے خطرے کی گھنٹی بجا دی

386

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)کراچی والے ہوجائیں ہوشیار، خبردار، محکمہ موسمیات نے مئی اور جون میں ہیٹ ویو کے خطرے کی گھنٹی بجادی۔ہیٹ ویو اور مون سون سے متعلق سیمینار میں اداروں کو آگاہی فراہم کی گئی۔ ڈی جی میٹ نے کہا کہ مون سون بارشیں شمالی علاقوں میں زیادہ، سندھ اور بلوچستان میں کم ہوں گی۔

سمینار میں شریک این ڈی ایم اے کے ممبر آپریشنز بریگیڈئیر مختار احمد نے کہا کہ سمندری درجہ حرارت بڑھنے سے ٹراپیکل سائیکلون کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔کراچی میں ہیٹ ویو خطرات کے پیش نظر محکمہ موسمیات کا ارلی وارننگ سسٹم اپریل سے کام کر رہا ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مئی جون میں کراچی میں شدید گرمی کی لہر اور سمندری طوفان آنے کا خدشہ ہے جبکہ کراچی سمیت کئی شہروں میں گرمی کا زور برقرار ہے۔

کراچی سمیت سندھ ،پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر شہر بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مئی اور جون میں شدید گرمی کی لہر آنے کا امکان ہے جبکہ موسم گرما میں سمندری طوفان آنے کا بھی خطرہ ہیں۔اندرون سندھ گرم ہواؤں نے لوگوں کو گھروں میں محصور کردیا ۔گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت لاڑکانہ میں اڑتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

یاد رہے اس سے قبل چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید نے مئی میں ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ مئی میں سخت گرمی ہوگی، متعلقہ اداروں ہیٹ ویو کے حوالے سے آگاہ کردیا ہے۔

طبی ماہرین نے بھی کراچی میں آئندہ چند روز میں گرمی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ماہرین کے مطابق ہیٹ اسٹروک سے بچاو کیلئے حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، گرمی کی شدت سے بچنے کیلئے شہری پانی کا استعمال زیادہ کریں، شہری دھوپ میں نکلنے سے گریز اور کھانے پینے میں احتیاط کریں۔