حکومت پنجاب کا رمضان پیکیج مذاق کے مترادف ہے ،نعمان احسن

126

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 67کے امیرنعمان احسن ملک،یوسف گل پراچہ،محمدبلال انور،میاں اجمل حسین بدرایڈووکیٹ اوردیگرنے کہاکہ پنجاب11 کروڑ عوام کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے اعلان کردہ رمضان پیکج مذاق کے مترادف ہے۔11 کروڑافراد کے لیے محض 300سستے بازارآبادی کے تناسب سے انتہائی کم ہیں ۔ رہنماؤں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے صوبے کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔ حکومتی ریلیف پیکیج کے مقابلے میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ذخیرہ اندوز اور منافع خور اشیا خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے کروڑ وں روپے منافع کمالیتے ہیں۔ عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جاتا ہے جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں اور دیگر ادارے عملاً غیر فعال نظر آتے ہیں۔ بجٹ اور رمضان المبارک کے قریب آتے ہی اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔ مہنگائی نے عوامی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کردیا ہے۔ لوگوں کو دو وقت کی باعزت روٹی کمانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ ملک میں اس وقت افراتفری کا عالم ہے۔ 40 فیصد آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ رہی سہی کسر حکمرانوں کی عاقبت نااندیش اور ظالمانہ پالیسیوں نے پوری کردی ہے ۔