***۔۔۔۔۔۔ ملک بھر سے ۔۔۔۔۔۔***

112

راولپنڈی (جسارت نیوز) پاکستان تحریک انصاف حلقہ پی پی 20 سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار خالد خان جدون نے سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کی تاحیات نااہلی کے فیصلے کو انصاف کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ آزاد عدلیہ نے درباری خواجہ آصف کی گر دن سے سریہ نکال دیا ہے، دوہری شہریت رکھنے والے ملک و قوم کے وفادار نہیں ہوسکتے، عثمان ڈار اور ان کی وکلا کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ابرار الحق بھی ثبوت کے ہمراہ درباری نمبر 2 احسن اقبال کے اقامہ کے لیے عدالت عالیہ سے رجوع کرنے لگے ہیں۔ خالد خان جدون نے کہا کہ الیکشن 2018ء کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں، چور راستے اور عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کیخلاف حکمت عملی طے کرلی ہے۔ آنے والا دور پاکستان تحریک انصاف کا ہے، آخر میں خالد خان جدون نے خواجہ آصف کی نااہلی کے فیصلے پر کارکنوں میں مٹھائی تقسیم کی۔* کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے ضلع بارکھان میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق، ایک شخص زخمی ہوگیا۔ لیویز کے مطابق واقعہ بغاؤ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے نتیجے میں 12 سالہ زبیر ولد7 دین محمد اور 30 سالہ رفیق ولد محمد میر جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کا ساتھی رسول ولد یار محمد شدید زخمی ہوگیا۔ لاشوں اور زخمی کو ڈی ایچ کیو رکھنی منتقل کیا گیا، جہاں لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں جبکہ زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈی جی خان منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق بغاؤ سے ہے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ لیویز نے گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کردیے۔* بلوچستان کے ضلع پشین میں لیویز نے پانچ ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے منشیات اور اسلحہ برآمد کرلیا۔ لیویز کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر پشین کی نگرانی میں لیویز نے یارو کے مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور پانچ ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے تین کلو چرس، تیس گرام کوکین، اے کے 47 کے دو میگزین اور 39 گولیاں برآمد کرلیں۔ کارروائی کے بعد ملزمان کو لیویز تھانے منتقل کردیا گیا، جہاں ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔* جھنگ (آئی این پی) جھنگ میں ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے، واقعہ کیخلاف لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے سرگودھا روڈ بلاک کردی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق شاہ جیونا لالیاں روڈ پر منڈی شاہ جیونا کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے سامنے سے آنے والی موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی، جس کے نتیجے میں دو کم سن بچیوں اور دو خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔ حادثے کا شکار ہونے والوں میں چار سالہ طیبہ، ڈیڑھ سالہ میرا بھی شامل ہیں۔ واقعہ کیخلاف مظاہرین نے اڈا چنڈ بھروانہ کے قریب احتجاج کیا اور سرگودھا روڈ بلاک کرکے ٹریفک معطل کردی۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے والے ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کر کے اس کیخلاف کارروائی کی جائے۔* لاہور (آئی این پی) لاہو ر ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کی درخواست پر انسداد تشدد مرکز برائے خواتین ملتان کے لیے دو اسپیشل جج تعینات کردیے، جسٹس تسمیہ اختر تشدد کا شکار خواتین کے تمام کیس، سعید اختر اپیلیں سنیں گے۔ اسٹریٹجک ریفارمز یونٹ پنجاب نے تشدد کا شکار خواتین کے تحفظ اور انہیں قانونی معاونت فراہم کرنے کے لیے مختلف شہروں میں انسداد تشدد مرکز قائم کیے ہیں، ملتان میں بنائے گئے سینٹر میں لاہور ہائی کورٹ نے دو اسپیشل جج تعینات کردیے ہیں۔ ایس آر یو کے ڈائریکٹر جنرل سلمان صوفی کے مطابق یہاں تعینات ججوں میں سے جسٹس تسمیہ اختر تشدد کا شکار خواتین کے تمام کیس سنیں گی جبکہ سعید اختر اپیلیں سنیں گے۔* لاہور (آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے جھنگ کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانو ں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔* ڈیرہ اسماعیل خان (آئی این پی) مفتی محمود چوک کے قریب موٹر سائیکل اور گاڑی کے تصادم میں موٹر سائیکل پر سوار ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا، صدر پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔ تھانہ صدر کی حدود میں مفتی محمود چوک کے قریب تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر ماردی، جس سے امجد ولد نور نواز بنوچی سکنہ شورکوٹ موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ اسکا دوسرا ساتھی طارق زخمی ہوگیا صدر پولیس نے متوفی کے بھائی زاہد نور کی رپورٹ پر نا معلوم گاڑی ڈرائیور کے خلاف واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔