سازش کے تحت ملک کے دفاعی اداروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے

107

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 70 کے امیر رانا طہٰ خاں، جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن اور دیگر نے کہا ہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک کے دفاعی اداروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ہماری بہادر فورسز نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ دہشت گردوں کے مکمل قلع قمع ہونے تک ملک میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر نہیں بنایا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ دو دہائیوں میں ملک وقوم نے دہشت گردی کی وارداتوں سے ناقابل تلافی نقصان اٹھایا ہے۔ حکومت پاکستان کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق 60 ہزار سے زائد بے گناہ افراد جاں بحق اور ملکی معیشت کو 120 ارب ڈالر کا بڑا دھچکا لگ چکا ہے جبکہ اس کے مقابلے میں امریکا کی جانب سے ملنے والی امداد اونٹ کے منہ زیرے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے عا قبت نااندیش فیصلوں کی بدولت امریکی نام نہاد جنگ قوم نے گلی محلوں میں لڑی اور عظیم قربانیاں دی ہیں۔ دنیا کو ہماری قربانیوں کا اعتراف کرنا چاہیے۔ بھارت، امریکا اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن گیا ہے۔ دشمن قوتیں ہمیں اندر سے کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ ان کی تمام سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ملک وقوم اس وقت انتہائی نازک صورتحال سے دوچار ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو ناکام بنانے کا کئی بار بیان دے چکے ہیں۔ سی پیک منصوبے کو ناکام بنانے اور اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے بھارت مسلسل پاکستان کیخلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ کھیلوں کے میدانوں سے لے کر سفارتی محاذوں تک ہندوستان نے ہمیشہ پاکستان دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔