علما فضائل بیان کرینگے، شہری پیاروں کی قبروں پر حاضری دینگے۔
کراچی(اسٹا ف رپورٹر) ملک بھر میں آج شب برآت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔
شب برآت کے اجتماعات میں مساجد میں خصوصی نوافل کی ادائیگی، اللہ تعالیٰ کے حضور گناہوں سے توبہ، بخشش و مغفرت ،ایمان و سلامتی، رزق کی کشادگی اور پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی، شہری اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری اور فاتحہ خوانی کریں گے۔
شہر بھر کی مساجد میں خصوصی نوافل ادا کیے جائیں گے، مساجد میں علمائے کرام شب برات کے فضائل بیان کریں گے، مساجد میں محافل ذکر ونعت، درود شریف اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے گا، فرزندان اسلام نفلی روزہ بھی رکھیں گے، اس رات کو مغفرت اور رحمت کی رات بھی کہا جاتا ہے۔
اس موقع پر محافل شب برآت میں علمااور مذہبی رہنما اپنے خطبات میں اسلام کی حقیقی تعلیمات اور نبی کریم کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالیں گے، شب برآ ت کے سلسلے میں شہر بھر میں مختلف مساجد کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے۔ شب برآت کی آمد سے قبل ہی شہر کی مختلف مارکیٹوں، بازاروں اور قبرستانوں کے باہر اور تین ہٹی کے اسٹالوں پر گلاب کے پھول ذخیرہ کرلیے گئے ہیں۔