اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک+آن لائن) پاکستانمسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد وسابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مجھے عدالت نے اقامے پر نااہل کیا،خوشی ہے میرے دل پر کوئی بوجھ نہیں جبکہ خواجہ آصف کو بھی عدالت نے بھاری دل سے نااہل کیا، ہمیں کام نہیں کرنے دیا گیا ، کبھی صدر ، کبھی جرنیلوں اوراب چیف جسٹس جسٹس میاں ثاقب نثار ٹانگیں کھینچ رہے ہیں،تھر میں بچے بھوک سے مررہے ہیں اور کراچی میں کوڑے کے ڈھیر لگے ہیں،آصف زرداری آپ بھی احتساب سے نہیں بچ سکتے،کیسزسے جان چھوٹے گی تو اعتکاف کے بارے میں سوچوں گا،اعتکاف کہاں کروں گا اللہ ہی بہتر جانتا ہے۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے عمران خان کے جلسے پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا جلسہ شہر لہور دا، مجمع پشور دا تے ایجنڈا کسے ہور دا،یہ عمران خان کی اصولی سیاست کی منہ بولتی تصویر ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ بھارت اور چین آپس میں دوستی کررہے ہیں لیکن افسوس کہ ہم نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا، مجھے اقامے پر نا اہل کیا گیا جب کہ ججوں نے خواجہ آصف کو بھاری دل سے نااہل کیا، مجھے خوشی ہے کہ میرے دل پر کوئی بوجھ نہیں۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے خیبر پختونخوا میں جو کیا دنیا کو پتا لگ گیا، پنجاب کے مقابلے میں سندھ، کے پی کے اور بلوچستان دیکھیں، فرق صاف ظاہر ہے،مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ترقی کے ایجنڈے پرکام کیا،(ن) لیگ نے اقتدار میں آکر ہمیشہ ترقی کے ایجنڈے پرکام کیا، ہمارے ایجنڈے کو 10،20 سال مل جائیں تو پاکستان کی تصویر بدل سکتی ہے۔علاوہ ازیں اسلام آباد میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے سردھڑ کی بازی لگانے کو تیار ہوں، فیصلہ کرلیا ان ہتھکنڈوں کے سامنے نہیں جھکوں گا،اب جو لہر چلی ہے وہ منزل تک پہنچے گی، مشکلات میں گھرچکا ہوں ، مجھے سزا ہو بھی جائے تو پارٹی رہنما اور کارکن اپنا حوصلہ بلند رکھیں اور گھبرانا نہیں، مشکلات کے خلاف نہ اٹھوں تو اور کیا کروں ؟ جس کی تھوڑی بہت عزت بھی ہو وہ ذلت کی زندگی نہیں گزار سکتا ،عمران خان قوم کو دھوکا دے رہے ہیں،کیا نیا پاکستان منافقت سے بنتا ہے ؟،سینیٹ میں جوا ہوا اب قومی اسمبلی میں کرنے کی کوشش ہو رہی ہے، زرداری ڈرتے تھے اس لیے دہشت گردی کے خلاف کام نہیں کیا،سندھ والوں سے کہتا ہوں کہ پنجاب کے ساتھ موازنہ کرلیں، جو کچھ خیبرپختونخوا میں کیا دنیا کو پتا لگ گیا ہے ۔